0
Wednesday 20 Aug 2014 08:12

ملک میں موجودہ سیاسی بحران کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، علامہ عارف واحدی

ملک میں موجودہ سیاسی بحران کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ سیاسی بحران کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ تصادم اور ٹکراو کی پالیسی ملک کے استحکام کے لئے سخت نقصان دہ ہے۔ ریاست اور جمہوریت کا تحفظ ہر محب وطن پاکستانی کی ذمہ داری ہے اور سول نافرمانی جیسے مسائل مناسب نہیں اس لئے پاکستان کے عوام نے اسے مسترد کردیا ہے۔ یہ ملک مصر، لیبیا، شام، بحرین، عراق و افغانستان جیسے حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک کے ذمہ دار طبقات کو ان حساس حالات میں متوجہ رہنا چاہیئے اور ہوشیاری کے ساتھ اُمور کو سنبھالنا ہو گا۔ ورنہ اگر اسی طرح مسائل آگے بڑھے تو حالات بگڑ سکتے ہیں جس سے ملکی استحکام کو خطرناک صورتحال کا سامنا ہوگا اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ عالمی سامراجی طاقتیں عرصے سے چاہتی ہیں کہ اس ملک میں انتشار و افتراق پھیلا کر اس کو کمزور کیا جائے اور اب وقت ہے کہ پوری امت اور تمام دینی و سیاسی جمہوری طاقتیں سر جوڑ کر بیٹھیں ان تنازعات کو جمہوری و آئینی طریقے سے مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ساتھ حل کریں۔ حکمرانوں اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے کہ تصادم اور تشدد کی سیاست سے پرہیز کریں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اس ملک کے بہت سے سلگتے مسائل ہیں اُن پر توجہ دے کر حل کیا جائے اس وقت عوام سخت مشکلات میں ہیں ان کو ریلیف دینے کیطرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ احتجاج کرنے والوں کے مطالبات میں بہت سے مطالبات آئینی ہیں تو حکومت کو وہ جائز مطالبات پورے کرنے چاہیئیں۔
خبر کا کوڈ : 405673
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش