0
Saturday 30 Aug 2014 11:01

فلسطینیوں کی حمایت، برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے کو صہیونیوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

فلسطینیوں کی حمایت، برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے کو صہیونیوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
اسلام ٹائمز۔ مشہور و معروف برطانوی ممبر پارلیمنٹ جارج گیلوے جو ٹاک شوز میں ببانگ دھل فلسطینیوں کی حمایت اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں، وہ فلسطین کے لئے امداد لیجانے والے فریڈم فلوٹیلاز کے ساتھ سفر بھی کرچکے ہیں۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ کو جمعہ کی رات ایک برطانوی شہری نے شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، جارج کے منہ پر مکوں کی بارش کے دوران وہ نام نہاد ہولوکاسٹ کا نعرہ بھی لگا رہا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اقدام صہیونی حکومت کی سازش ہے۔ یاد رہے کہ جارج گیلوے پریس ٹی وی کے اینکر بھی ہیں، العالم کی رپورٹ کے مطابق نوٹنگ ہل کے علاقہ میں جارج اپنے مداحوں کے ساتھ تصویریں بنوانے میں مصروف تھے کہ ایک شخص اچانک ان پر حملہ آور ہوگیا اور جارج گیلوے کو زخمی کر دیا۔ حملے میں شدید زخمی ہونے پر انہیں اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک 39 سالہ برطانوی شہری کو اس حملے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے کے ترجمان نے کہا ہے کہ بظاہر یہ حملہ اسرائیل کے بارے میں گیلوے کے بیان کی وجہ سے کیا گیا ہے، کیونکہ حملہ کرنے والا شخص ہولو کاسٹ سے متعلق نعرے بازی کر رہا تھا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کچھ عرصے قبل اسرائيل کے تجارتی سامان اور صہیونی حکومت کے مکمل بائيکاٹ کے حوالے سے بیان دیا تھا، جس پر اسرائيل نواز حلقوں نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس برطانوی رکن پارلیمنٹ کی شکایت کی تھی۔ واضح رہے کہ جارج گیلوے نے اپنے ایک بیان میں بریڈ فورڈ کو اسرائیل فری زون قرار دیا تھا اور عوام پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیلی مصنوعات، تعلیمی خدمات اور سیاحوں کا بائیکاٹ کر دیں، جس کے بعد پولیس نے انھیں خبردار کیا تھا کہ ان پر حملہ ہوسکتا ہے۔ پریس ٹی وی کے اینکر گیلوے برطانیہ میں فلسطینی عوام کی حمایت کی وجہ سے معروف ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق کل جمعہ کی شام کو لندن کی ایک اسٹریٹ پر بائیں بازو کے ونگ سے تعلق رکھنے والے برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے پر نامعلوم شخص نے حملہ کر دیا۔ عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے ہولوکاسٹ کے بارے میں چیختے ہوئے کچھ کہا اور جارج گیلوے پر حملہ کر دیا۔ جارج اس وقت لوگوں کے ساتھ تصویر بنوا رہے تھے، اور اسی دوران یہ شخص ان پر حملہ آور ہوگیا۔ حملہ آور جست لگا کر ان کی طرف بڑھا اور ان کے چہرے پر مکّے برسانا شروع کر دیئے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے باعث گیلوے کا جبڑا ٹوٹ گیا اور ان کے سر پر بھی شدید چوٹ آئی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی رکن پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ بریڈفورڈ سے تعلق رکھنے والے جارج گیلووے نے برطانوی پارلیمنٹ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اُٹھائی تھی۔ انہوں نے غزہ پر حملوں کے حوالے سے اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دیا تھا۔ جارج گیلوے کو اس ماہ کے اوائل میں ان کی ایک تقریر کے سلسلے میں سوال جواب کے لیے طلب کیا تھا، انہوں نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ بریڈ فورڈ اسرائیل سے پاک علاقہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 407339
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش