0
Wednesday 10 Sep 2014 09:11

سیلاب سے متاثرہ وادی کشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ معطل

سیلاب سے متاثرہ وادی کشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ معطل
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں شدید سیلاب کی وجہ سے وادی کشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور موبائل فون اور لینڈ لائن فون دونوں بند ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گذشتہ 60برس کے دوران آنے والے بدترین سیلاب کی وجہ سے ذرائع مواصلات تباہ ہو گئے ہیں اور فون لائنوں کی بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ بھارت کے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر روی شنکر پرساد نے کہا ہے کہ تمام ٹیلی کام آپریٹرز کی ٹیلی فون ایکس چینجیں زیر آب آگئی ہیں جس کی وجہ سے پرائیویٹ کمپنیوں کی موبائل سروس بھی بند پڑی ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں شدید سیلاب کی وجہ سے اموات میں اضافے کے سبب سرینگر اور اس کے مضافات میں صورتحال مزید خراب ہو رہی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں لاکھوں افراد سیلاب کے باعث اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ انکے مال و اسباب پانی میں بہہ گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں پانی کی وجہ سے مکانات تباہ ہو چکے ہیں جس سے مرنے والوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وادی کشمیر میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہو جانے سے حالات مزید ابتر ہو گئے ہیں۔ لوگ پانی میں پھنسے اپنے رشتے داروں سے رابطہ نہیں کر پا رہے ہیں جبکہ سرینگر بارہمولہ سڑک بھی سیلاب کی وجہ سے بند ہے۔

اسلام آباد میں مقیم ایک کشمیری صحافی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ جب آخری دفعہ انہوں نے سرینگر اور دیگر قصبہ جات میں اپنے رشتے داروں سے رابطہ کیا تو وہ رو رہے تھے اور وہ اپنے آپ کو بے یارو مددگار محسوس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پاس پینے کے لیے پانی اور کھانے کی کوئی چیز موجود نہیں۔ سیلاب کی وجہ سے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی نشریات بند ہو گئیں جبکہ سرینگر کے ہوائی اڈے سے تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کے سبب شمالی کشمیر خاص طور پر سوپور، تارزو،سونہ واری، ہائی گام اور اوڑی کے علاقوں میں صورتحال انتہائی خراب ہے۔ دریں اثناء سرینگر جموں شاہراہ پر بانہال، قاضی گنڈ، رام بن، چندرگوٹ، بٹوٹ، کدھ، ادھمپور ، دھر روڑ اور نگروٹہ بائی پاس کے مقامات پر تین ہزار سے زائد مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 409021
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش