0
Saturday 22 Nov 2014 13:32
ظالم حکومت اور فرسودہ نظام کے خاتمہ تک جنگ جاری رہیگی

دہشتگردوں کی سرپرست حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، علامہ طاہرالقادری

دہشتگردوں کی سرپرست حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، علامہ طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھکر روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنائی گئی جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہیں، جعلی جے آئی ٹی کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، کوئٹہ سے جس آدمی کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے بلایا گیا ہے، اسے بعد میں نوازا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکومتوں کے مک مکا سے تھر اور تھل میں موت کا کھیل جاری ہے، عوامی تحریک بلوچستان کے صدر کے بھائی کو اہل خانہ سمیت قتل کر دیا گیا، دن دیہاڑے 6 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، بلوچستان حکومت نے داد رسی کے لئے چپڑاسی تک کو نہیں بھیجا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قتل عام کرنا حکمرانوں کا وطیرہ بن چکا ہے، دہشت گرد سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑیوں پر آئے تھے، قاتلوں میں قادر، غلام محمد، سہراب، کفیل، مولا بخش اور دیگر 4 نامعلوم افراد شامل ہیں، قاتلوں کے خلاف بلوچستان میں درجنوں مقدمات درج ہیں، موجودہ حکومت ان قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔

سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردوں کی سرپرست ہے، ایسی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، آرمی چیف نے آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا، ادھر حکومت اپنے کام آنے والے دہشت گردوں  کو "اچھے طالبان" کہہ رہی ہے، حکومت کہتی ہے ہمیں ان دہشت گردوں سے کوئی خطرہ نہیں، گیس کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ منظور ہوچکا ہے، جلد اعلان ہوجائے گا، اس اضافے سے عوام پر 70 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکومت کی غفلت سے سرگودھا میں 18 بچے دم توڑ چکے ہیں، وہاڑی میں وینٹی لیٹر نہ ہونے 22 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں، ہماری سیاسی جنگ ظالم حکومت اور فرسودہ نظام کے خاتمہ تک جاری رہے گی، ہماری منزل انقلاب ہے، عوام کی تقدیر بدل کر دم لیں گے۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ برسلز میں یورپین کانفرنس سے خطاب کرنے جاؤں گا، میرے بیرون ملک دوروں سے تحریک دم نہیں توڑے گی، انڈیا جانے سے بعض وجوہات کے باعث انکار کیا ہے، دہلی میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت سے گذشتہ روز ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، ہمارے درمیان کوئی اختلافات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے شہباز شریف کی کسی تفتیش میں شامل نہیں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 420811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش