0
Thursday 19 Jul 2018 19:33

سیاسی امیدواروں کی سیکیورٹی حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، جی ایچ کیو

سیاسی امیدواروں کی سیکیورٹی حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، جی ایچ کیو
اسلام ٹائمز۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کے نمائندے نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ پاک فوج کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں اور فوج کسی سیاستدان کی سیکیورٹی کی براہ راست ذمہ داری بھی نہیں لے رہی۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر رحمان ملک کی سربراہی میں سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ  نمائندہ جی ایچ کیو، نیکٹا کوآرڈینیٹر، چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت کے آئی جیز، وفاقی و صوبائی سیکریٹری، سیکریٹریز اور سیکریٹری الیکشن کمیشن بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران جنرل ہیڈکوارٹرز کے نمائندے نے بتایا کہ ہمارا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، ہم صرف الیکشن کمیشن کی ہدایت پر امن وامان بہتر رکھنے کے لئےکام کررہے ہیں۔ سیاسی امیدواروں کی سیکیورٹی حکومت پاکستان اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ہم انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کر رہے ہیں، فوج کسی سیاستدان کی سیکیورٹی کی براہ راست ذمہ داری نہیں لے رہی۔ بدقسمتی سے جب تک پولیس کی استعداد نہیں بڑھتی ہمیں پولیس کے فرائض بھی سرانجام دینے ہیں۔ ملک میں امن وامان کی صورتحال بہترکی جا رہی ہے، پرنٹنگ پریس پر بھی فوج ڈیوٹی دے رہی ہے، جب کہ ملک بھر میں پولنگ اسٹیشنز پر 3 لاکھ 71 ہزار جوان تعینات ہوں گے۔ الیکشن کے موقع پر بلوچستان میں پاک فوج کے اہلکاروں کی تعیناتی سے متعلق پوچھے گئے، سوال پر جی ایچ کیو کے نمائندے نے بتایا کہ ہمارے لئے ہر شہری کی جان قیمتی ہے،  ہم نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت کام کرنا ہے اس کی تربیت ہم نے دی ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے ہم نے ہر جگہ کا تجزیہ کیا ہے، ہمیں پتہ ہے کہ کس جگہ کتنے اہلکار تعینات کرنے ہیں، ہم نے بلوچستان میں ضرورت کے مطابق تعیناتی کی ہے۔

دوسری جانب پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج  الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے عام انتخابات میں معاونت کرے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر راولپنڈی کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے موقع پر آرمی چیف کو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو معاونت کے پلان پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ عوام کو جمہوری حق کے آزادانہ استعمال کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانے کی تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے معاونت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 738924
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش