0
Friday 19 Apr 2024 12:29

بھارت نے طاقت کے بل پر کشمیریوں کا حق دبا رکھا ہے، حریت کانفرنس

بھارت نے طاقت کے بل پر کشمیریوں کا حق دبا رکھا ہے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بے انتہا جبر و ستم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں اور ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے انہیں یہ حق دینے کی بات کی ہے لیکن بھارت نے طاقت کے بل پر ان کا یہ حق دبا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں رائے شماری کے انعقاد میں بھارتی ہٹ دھرمی بنیادی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف مظالم کی انتہا کر دی ہے اور اس نے مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کا حق مکمل طور پر سلب کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو خوف و دہشت کا شکار کرنے کیلئے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، بھارتی فورسز بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر کے انکے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کر رہی ہیں۔ ترجمان نے جیلوں میں نظربند حریت رہنماﺅں کارکنوں کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی اور دیگر کو بدترین جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی رہنما دو دہائیوں سے بھی زائد عرصے سے جیلوں میں بند ہیں جن میں ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، غلام قادر بٹ، نذیر احمد شیخ، محمد ایوب ڈار، محمد ایوب میر، جاوید احمد خان، واحد احمد نائیکو، فیروز احمد ڈار، عبدالحمید تیلی، محمد علی بٹ، طارق احمد متو، محمود ٹوپی والا، بشیر احمد پنوں، فیاض احمد، شرف الدین گجر، محمد اشرف پیر، عبدالغنی گونی، لطیف احمد واجہ، علی محمد کلی، خالد محبوب پھلوان، مقصود احمد بٹ ، فیروز احمد بٹ، پرویز احمد میر، محمد عباس وانی، فاروق احمد شیخ، عبدالمجید بابا،  فہد اللہ اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل نظربندی اور بے انتہا جبر کے باوجود نظربندوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کشمیر کاز کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی، ایشیا واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں بند کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔ترجمان نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 1129691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش