0
Tuesday 20 Sep 2011 10:37

قومی صحت کانفرنس، ڈینگی کا لاہور سے دوسرے شہروں میں پھیلاو روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنیکا فیصلہ، فردوس عاشق اعوان

قومی صحت کانفرنس، ڈینگی کا لاہور سے دوسرے شہروں میں پھیلاو روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنیکا فیصلہ، فردوس عاشق اعوان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستانی طبی ماہرین ڈینگی پر قابو پالینگے۔ عوامی نمائندے لوگوں کے تحفظات اور خدشات دور کرنے کے لیے سامنے آئیں۔ پاکستان ڈینگی سے متاثرہ سو ملکوں میں سے ایک ہے، ہر سال دنیا میں پانچ کروڑ کی آبادی ڈینگی سے متاثر ہوتی ہے۔ اسٹیٹ گیسٹ ہاوس لاہور میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہونے والی قومی صحت کانفرنس میں وزیراعلٰی شہباز شریف اور گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ سمیت چاروں صوبوں گلگت، بلتستان اور آزاد کشمیر سے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ پاکستان اور سری لنکا کے طبی ماہرین اور سائنسدانوں نے شرکت کی۔ جبکہ سری لنکا کے طبی ماہرین نے ڈینگی کے پھیلاو کی وجوہات اور تدارک پر بریفنگ دی۔ انہوں نے پاکستان میں معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں گندگی کو ٹھکانے لگانے، باغات اور گھروں کے لانز کی خفیہ جگہوں پر موجود مچھر کی وجہ سے ڈینگی کی افزائش میں تیزی آئی ہے۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے بھی ڈینگی کی صورتحال اور احتیاطی اقدامات پر کانفرنس کو بریف کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ڈینگی انسانی صحت کے لئے ایک بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے۔ پاکستانی طبی ماہرین ڈینگی پر قابو پالینگے۔ عوامی نمائندے لوگوں کے تحفظات اور خدشات دور کرنے کے لیے سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ پاکستان ڈینگی سے متاثرہ سو ملکوں میں سے ایک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال دنیا میں پانچ کروڑ کی آبادی ڈینگی سے متاثر ہوتی ہے۔ وفاقی حکومت اس مرض کی روک تھام کے لیے ہر ممکن مدد کرے گی۔
کانفرنس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کانفرنس میں مشترکہ طور پر ڈینگی سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ وفاقی حکومت کی زیر نگرانی پورے ملک میں ڈینگی کے تدارک اور آگاہی مہم کو چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈینگی کے کیسز سب سے زیادہ سامنے آئے ہیں۔ دہشتگردی کے بعد اب ڈینگی نے لوگوں گھروں تک محدود کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا عوام کو شعور دے کر انہیں اس ہنگامی صورتحال سے نکلنے میں مدد دے سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر بڑا ہسپتال ایک ہیلپ لائن قائم کرے گا تاکہ لوگوں میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈینگی بین الاقوامی مرض ہے، اس کی دوسرے صوبوں اور شہروں میں منتقلی کو روکا جائے گا اور احتیاط علاج سے بہتر ہے کے نعرے کے تحت تمام صوبے اقدامات کرے گے۔ کانفرنس میں بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں سے گلوبل فنڈز کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی گئی۔ آگاہی مہم کے تحت ضلعی سطح پر کانفرنسیں منعقد کرنے اور پولیو مہم کو ڈینگی کے خلاف آگاہی مہم سے منسلک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ صحت کے اہلکار پولیو کے قطرے پلانے کے ساتھ ڈینگی سے بچاو سے متعلق لٹریچر بھی تقسیم کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈینگی سے ماضی میں متاثر ہونے والے ممالک سے تکنیکی امداد اور تجربات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے روک تھام کی مشینری درآمد کرنے پر حکومت پاکستان نے اسے درآمدی ڈیوٹی اور کسٹم سے مستثنٰی قرار دینے کے لیے ایف بی آر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈینگی کے پھیلاو کی شدت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔ لاہور کے ڈرینج سسٹم، سالڈویسٹ اور ماحولیاتی تحفظ کی ناقص صورتحال نے ڈینگی کو پھیلنے میں مدد دی ہے۔ ذمہ دار کون ہے، اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وزیر صحت تعینات ہونا چاہیے۔ وزیر کے بغیر صوبے کی صحت ناقص ہے۔
خبر کا کوڈ : 99892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش