0
Wednesday 21 Sep 2011 22:56

پاکستان میں امریکی مفادات

پاکستان میں امریکی مفادات
 تحریر:جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم
پاکستان دنیا کا ایک اہم ترین مسلمان ملک ہے جس کے شمال میں برف پوش اور فلک بوس پہاڑوں کی ایک کہکشاں ہے۔ دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 8 پاکستان کے سینے پر ایسی جڑی ہوئی ہیں جیسے کسی عسکری سالار کی چھاتی پر جنگی میڈل۔ پاکستان کے اندر پانچ دریا ہیں جو ایک بہترین نہری نظام کی وساطت سے ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے میدانی علاقے انتہائی خوبصورت اور دلربا ہیں۔ موٹروے پر سفر کرنے والا ہر سیاح پاکستان کے قدرتی حسن سے مثاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ ہمارے ریگستان ایسے دلکش ہیں جو دُور دُور سے بڑے بڑے عرب شیخوں اور بادشاہوں کو کھینچ کر اپنی آغوش میں سمیٹ لیتے ہیں۔ جہاں وہ خامشی کے خزانے لوٹتے ہیں اور شکار کھیلتے ہیں۔ 1050 کلومیٹر پاکستان کا طویل بحری ساحل تو لاجواب ہے۔ شمال میں دنیا کے مشہور ترین گلیشرز پاکستان کے سر اور دماغ کو ٹھنڈا رکھتے ہیں جب کہ جنوب میں بحر عرب کا گرم پانی پاکستان کی قدم بوسی ہی نہیں کرتا بلکہ پاکستان کے پاؤں کو Warm بھی رکھتا ہے۔
 پاکستان وسطی ایشائی ریاستوں اور مشرق وسطٰی کے سنگم پر واقعہ ایک نہایت ہی اہم ملک ہے جس کی پاک سرزمین معدنی خزانوں سے مالا مال ہے۔ حال ہی میں چین نے سندھ کے ریگستان سے کوئلہ نکالنے کے لئے تقریباً 4 ارب ڈالر کا ایک پراجیکٹ بنا کر ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ بلوچستان سے سونا اور تانبا نکل رہا ہے۔ سنگ مرمر اور خام لوہے کے ذخیرے بھی پاکستان میں موجود ہیں۔ سب سے بڑا خزانہ پاکستان کے 18 کروڑ لوگ ہیں جن میں تقریباً 10 کروڑ نوجوان ہیں جو 30 سال سے کم عمر کے ہیں۔ ان پر محنت کر کے پاکستان کی قسمت بدلی جا سکتی ہے۔
پاکستان کو ہم نے اللہ کے نام پر حاصل کیا، اس لئے پاکستان کو اسلام کا قلعہ کہا جاتا ہے۔ یہ دین اور مذہب کے پجاریوں کا مسکن ہے، جس سے پتہ نہیں دنیا کیوں خائف ہے۔ اسلام تو امن کا مذہب ہے اور پاکستانی ایک امن پسند قوم ہیں۔ عسکری لحاظ سے بھی پاکستان ایک میزائل اور ایٹمی طاقت ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان دنیا کی آٹھویں بڑی فوج ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکہ سمیت ساری دنیا پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔
 امریکہ کے پاکستان میں مخصوص مفادات حسب ذیل ہیں۔
(1) آبادی کے لحاظ سے دوسری بڑی مسلمان سلطنت جو ایک ایٹمی طاقت بھی ہے کے ساتھ زیادتی کرنے یا اس ملک کی سالمیت کے خلاف قدم اٹھانے سے ایک ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ اس لئے امریکہ پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ 
(2) پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع بہت اہم ہے، ہماری سرزمین پر امریکہ کی موجودگی سے امریکہ روس، چین، ایران، مشرق وسطٰی اور وسطی ایشائی ریاستوں پر نظر رکھ سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ پاکستان میں اپنے پکے اڈے چاہتا ہے اور اپنے سفارت خانے کی بھی توسیع کر رہا ہے۔ جس کی پاکستان کو ضرور مخالفت کرنی چاہیے چونکہ یہ بہر حال ہمارے حق میں نہیں۔
(3) مسلم دنیا میں پاکستان کا ایک بہت اہم مقام ہے، امریکہ کے ایک دانشور Ralph Braibanti نے کہا ہے کہ دنیا میں امن اور بین الاقوامی سیاست میں ٹھہراؤ لانے کے خواہشمند یہ سمجھ لیں کہ گلوبل Resurgence آف اسلام میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔ اس لئے اس ملک کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس نے کہا "The pre eminent characteristic of Pakistan is its muslim episteme"یعنی پاکستان کی بہت ہی اہم خصوصیت اس کا اسلامی تشخص ہے۔ دانشور کے مطابق امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کی طرح پاکستان کے وجود کی بنیاد بھی مذہب ہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسلم اُمہ یا مسلمانوں کی کامن ویلتھ میں پاکستان کا ایک کلیدی کردار ہے۔ اس کو امریکہ نظر انداز نہیں کر سکتا۔
(4)پاکستان کا بلوچستان، وسطی ایشائی ریاستوں اور مشرق وسطٰی میں ایک اسٹرٹیجک پل کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے۔ اس لئے 1979ء میں پہلے سویٹ یونین نے بلوچستان کو ہڑپ کرنا چاہا لیکن ناکام رہا اور افغانستان سے واپس بھاگ گیا۔ اس کے بعد اب پچھلے دس سالوں سے امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں ڈیرے ڈالے ہمارے بلوچستان پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں، لیکن وہ اپنے مزموم عزائم میں انشاءاللہ کبھی بھی کامیاب نہ ہوں گے۔ بلوچستان میں BLA کی موجودگی، خودکش دھماکے، القاعدہ شوریٰ کی موجودگی کے الزامات، بیرونی اسلحہ اور ڈالروں کی بے دریغ ریل پیل صرف اسی وجہ سے ہے۔
(5)امریکہ ہندوستان کو چین کے خلاف مدد تو دے رہا ہے لیکن وہ یہ بھی نہیں چاہتا کہ روس کا پرانا دوست ہندوستان اتنا مضبوط ہو جائے تاکہ وہ کل پھر روس سے مل کر امریکہ کو بھی آنکھیں دکھانا شروع کر دے۔ اس لئے چین کے دماغ پر ہندوستان اورہندوستان کے دماغ پر پاکستان کا خوف رکھنا ضروری ہے جو امریکہ کے لئے اہم ہے۔ 
(6)پاکستان امریکی ہتھیاروں کی بھی ایک بہت اہم منڈی ہے، ہم ہر ٹیکنالوجی نقد رقم دے کر خریدتے ہیں اور امریکی حکومتیں تیل اور اسلحہ کے بیوپاریوں سے بھری پڑی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ دوسرے ملکوں پر اس لئے چڑھائی نہیں کرتے کہ ان کی اُن ممالک کے عوام سے کوئی ہمدردی ہے یا انسانی حقوق کی پامالی کو روکنا اُن کا مدعا ہے۔ یہ تو خود انسانی حقوق کو پامال کرنے والوں میں سرفہرست ہیں۔ گوانتے ناموبے میں بے گناہ لوگوں کو غوطے دے کر اور اُن پر کتے چھوڑ کر انسانیت کی تذلیل کا امریکہ نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ تو تیل سونگھتے سونگھتے آتے ہیں۔ اس کے لئے جنگ شروع کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ جنگ جاری رکھ کر اسلحہ بیچتے ہیں اور اپنی فیکٹریوں کو زندہ رکھتے ہیں۔ پاکستان اس لئے بھی امریکہ کے لئے بہت اہم ہے چونکہ یہ ملک تیل سے مالا مال مشرق وسطٰی، وسطی ایشائی ریاستوں تک پہنچنے کے لئے ایک محفوظ لانچینگ پیڈ ہے اور امریکی ہتھیار بیچنے کے لئے چھ لاکھ فوج کی ایک بہت بڑی منڈی بھی ہے۔ اس لئے امریکہ پاکستان سے کسی صورت میں بھی اپنا رشتہ منقطع کرنے کو تیار نہیں، کیونکہ یہ امریکی قومی مفادات کے خلاف ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 100457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش