0
Friday 2 Oct 2015 22:40

محرم الحرام میں فوج طلب کرنیکا فیصلہ

محرم الحرام میں فوج طلب کرنیکا فیصلہ

رپورٹ: ٹی ایچ بلوچ

پنجاب انتظامیہ کی طرف سے سرگودہا، جھنگ اور چنیوٹ میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عید قربان کے بعد صوبائی، ریجنل اور ضلعی سطح پر ہونے والے سرکاری اجلاسوں میں فیصل آباد کے 2 اضلاع جھنگ اور چنیوٹ کو محرم الحرام میں سکیورٹی کے حوالے سے حساس اضلاع قرار دیا گیا ہے، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فوج کے دستے یکم محرم سے یوم عاشور کے بعد تک ڈیوٹی دیں گے، جس کے لئے جھنگ میں فوج کی 4 اور چنیوٹ کے لئے 1 کمپنی مانگی گئی ہے۔ اسی طرح سرگودہا میں محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر ریجن بھر میں 108 حساس مقامات کی نشاندہی کی گئی۔ ضلع سرگودہا میں 58، ضلع خوشاب میں 16، ضلع میانوالی میں گیارہ اور ضلع بھکر میں 23 حساس پوائنٹس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ فوج کی 9 کمپنیوں کی ڈپلائمنٹ کیلئے ڈیمانڈ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈویژنل سطح پر مکمل ہونیوالے کانٹی جنسی پلان کے مطابق سرگودہا ڈویژن میں مختلف محکموں کے 3830 افراد فرائض سر انجام دیں گے، جبکہ محکمہ ہیلتھ کے 258 ڈاکٹرز، 2311 پیرا میڈکس اسٹاف، ریسکیو کی 20 اور محکمہ ہیلتھ کی 74 ایمبولینس گاڑیاں کو الرٹ رکھا جائے گا، اسی طرح لوڈشیڈنگ کی صورت میں 293 ایمر جنسی لائٹس اور 87 جنریٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ کمشنر کے دفتر کے علاوہ ڈی سی اوز کے دفاتر میں بھی کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔

ڈویژن میں آرمی کی 9 کمپنیوں کی ڈپلائمنٹ کیلئے حکومت کو درخواست کی جائے گی، جن میں سے ضلع سرگودہا میں 3 جبکہ دیگر تین اضلاع میں دو دو کمپنیوں کی ضرورت ہوگی، دوسری طرف ڈویژن بھر میں گیارہ واک تھروگیٹس موجود ہیں، جبکہ مزید 40 واک تھروگیٹس کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔ ڈویژن میں  728 انتہائی اہمیت کے حامل جلوسوں اور 286 مجالس کی ویڈیو آڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔ گذشتہ سالوں کی طرح سرگودہا ریجن میں امسال محرم الحرام کے 1221 جلوس نکالے جائیں گے اور 5420 مجالس برپا ہوں گی۔ عشرہ محرم میں ڈبل سواری پر پابندی لگائی جائے گی اور  یوم عاشور پر موبائل سروس بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ توجہ طلب امر یہ ہے کہ افواج پاکستان ضرب عضب میں دہشت گردوں کیخلاف اور لائن آف کنٹرول پر ازلی دشمن بھارت کیخلاف مصروف عمل ہیں، محرم الحرام میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا سول حکومت کی ذمہ داری ہے، اسکے باوجود پاک افواج کو سول علاقوں میں ذمہ داریاں سونپنا اور مدد طلب کرنا موجودہ حکومت کی کمزوری اور ناکامی کی دلیل ہے۔ افواج کا کام ملک کو درپیش بیرونی خطرات کا تدارک اور ملکی سرحدوں کا تحفظ ہے، اندرونی طور ملک کے لیے خطرہ بننے والے عناصر ہی عزاداری کے دشمن ہیں، انکا مقابلہ کرنے کے لئے حسینی جذبے کی ضرورت ہے، یہی محرم کا پیغام ہے۔

خبر کا کوڈ : 488647
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش