0
Friday 22 Feb 2019 08:21

بندر کے ہاتھ میں استرا

بندر کے ہاتھ میں استرا
اداریہ
امریکہ جس نے پاکستان کو ایٹمی ٹیکنالوجی دینے والے وزیراعظم کو عبرت کا نشان بنانے کی دھمکی دی تھی اور جو کھلم کھلا گذشتہ دو تین عشروں سے اسلامی جہموریہ ایران کو پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی سے محروم کرنے کے لیے رات دن ایک کیے ہوئے ہے، وہ آج اتنا مہربان ہوگیا ہے کہ ایک اسلامی ملک سعودی عرب کو حساس ایٹمی ٹیکنالوجی دینے پر تیار ہے۔ پاکستان کو ایٹمی پروگرام رول بیک کرنے کی دھمکیاں اور حساس ایٹمی ہتھیاروں کے دہشت گردوں کے ہاتھوں لگنے کے اندیشے کے تحت پاکستان کو ایٹمی ہتھیاروں سے محروم کرنے کی دھمکیاں دینے والا امریکہ آج حساس ایٹمی ہتھیار پلیٹ میں رکھ کر سعودی عرب کو دینے جا رہا ہے۔ اس واردات کی کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوتی، اگر امریکی کانگریس کی نگران کمیٹی اس مسئلے کو طشت ازبام نہ کرتی۔ 24 صفحات پر مشتمل نگران کمیٹی کی رپورٹ میں آیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سعودی عرب کو حساس ایٹمی ہتھیار اور ٹیکنالوجی دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں، حتمی اقدام کے لیے ٹرمپ کے کٹر صہیونی داماد جارج کوشنر بہت جلد محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے ریاض پہنچنے والے ہیں۔

کسی مسلمان ملک کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر ایک مسلمان ہونے کے ناطے خوشی کا اظہار کرنا چاہیئے، لیکن ٹرامپ ایک بنیا ہے اور بنیا سودے بازی میں صرف اپنے مفاد کو ترجیح دیتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے بدلے آل سعود امریکہ کے پاس کیا گروی رکھیں گے یا اس حساس ایٹمی ہتھیاروں کو کس کے خلاف استعمال کیا جائے گا، ایک ایسا سوال ہے، جس کا جواب ابھی تک کسی کے پاس نہیں۔ امریکہ کا انسانی حقوق اور جمہوریت کے حوالے سے دوہرا معیار تو اسی روز ثابت ہوگیا تھا، جب ڈونالڈ ٹرمپ نے سعودی عرب میں سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ شمشیروں کا رقص کیا تھا، لیکن حساس ایٹمی ٹیکنالوجی آل سعود جیسی استبدادی حکومت کو دینا سونے پر سہاگہ ثابت ہوگی۔ اتنی حساس ایٹمی ٹیکنالوجی ایک ایسی حکومت کو دینا جسے حکومت کہنا بھی شاید درست نہ ہو، جہاں تمام ریاستی فیصلے الزائمر کا شکار فرمانروا یا اقتدار کے نشے میں مست ولی عہد کرتا ہو۔ ایسی ریاست جو القاعدہ اور داعش مائنڈ سیٹ کی خالق ہے اور ایسا ولی عہد جو اشتعال میں آکر اور معمولی تنقید کے جواب میں مخالف صحافی کو دوسرے مسلمان ملک میں ٹکڑے ٹکڑے کرکے قتل کروانے سے دریغ نہیں کرتا، اسے اس طرح کے خطرناک اور حساس اسلحے سے مسلح کرنا بندر کے ہاتھ میں استرا دینے کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ : 779355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش