0
Saturday 25 May 2019 08:11

سنچری ڈیل کی طرف ایک اور قدم

سنچری ڈیل کی طرف ایک اور قدم
اداریہ
مشرق وسطیٰ کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے جیسن گرین بلاٹ (Jason Greeb blatt) نے چند دن پہلے اقوام متحدہ کے ادارے سلامتی کونسل میں فلسطینیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی آنروا (UNRWA) کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جیسن کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ آنروا کے توسط سے جو خدمات پیش کی جاتی ہیں، وہ این جی اوز اور فلسطینی پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے ممالک کے سپرد کر دی جائیں۔ یاد رہے کہ انروا ایجنسی 8 دسمبر 1949ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کو امداد پہنچانے کے مقصد سے قائم کی گئی تھی اور یہ تنظیم اردن، شام، لبنان اور مغربی اردن کے تقریباً پچاس لاکھ فلسطینیوں کو امداد پہنچا رہی ہے۔ امریکہ نے اقوام متحدہ کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے اگست 2018ء کو آنروا کی مالی امداد منقطع کر دی تھی۔

فلسطین کی جہادی جماعت حماس کے ترجمان سامی ابو زہری نے امریکی اقدامات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کا اقدام فلسطینی مہاجرین کی وطن واپسی کے حق کو نابود کرنا ہے اور یہ تمام فیصلے فلسطینی عوام کو اپنی آزادی و خود مختاری اور وطن واپسی کے حق سے محروم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جسے فلسطینی ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ فلسطینی امور پر نگاہ رکھنے والے سیاسی تجزیہ نگاروں کا یہ کہنا ہے کہ امریکہ کے یہ اقدامات سینچری ڈیل منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کا حصہ ہیں، کیونکہ سینچری ڈیل میں جہاں قدس کو اسرائیل کے سپرد کرنا ہے، وہاں فلسطینی مہاجرین اور مختلف ممالک میں موجود پناہ گزینوں کو فلسطین واپس آنے سے روکنا ہے۔

غاصب صہیونی حکومت امریکہ کی مدد سے فلسطین اور بالخصوص بیت المقدس کو یہودیانے کی سازشوں میں مشغول ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ غاصب صہیونی حکومت نے آنروا تنظیم کی تنقیدوں سے بچنے کے لیے امریکہ کے ذریعے سے اسے ختم کروانے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ گذشتہ چند برسوں سے بین الاقوامی اداروں، عالمی تنظیموں منجملہ آنروا کی طرف سے صہیونی حکومت کو سخت تنقیدوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ غاصب صہیونی حکومت اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبانا چاہتی ہے، لیکن فلسطینیوں کی قربانیاں صہیونی سازشوں کے مقابلے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور وہ صہیونی حکومت کے مذموم اہداف کو پورا نہیں ہونے دیں گی۔ ان شاء اللہ
خبر کا کوڈ : 796171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش