0
Tuesday 17 Dec 2019 10:51

لاہور، شہدائے اے پی ایس پشاور کی 5ویں برسی کی تقریبات

لاہور، شہدائے اے پی ایس پشاور کی 5ویں برسی کی تقریبات
لاہور سے ابوفجر کی رپورٹ

آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لاہور میں گزشتہ روز مختلف تقاریب، قرآن خوانی اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ شہدائے اے پی ایس کے ایصال ثواب کیلئے دعائیں اور شمعیں روش کی گئیں۔ ایوان وزیراعلی کی جامع مسجد میں سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی پانچویں برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء اے پی ایس کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی ہدایت پر سانحہ اے پی ایس کی پانچویں برسی کے موقع پر سول سیکرٹریٹ میں بھی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اُدھر پنجاب یونیورسٹی میں اے پی ایس شہداء کی یاد میں ریلی نکالی گئی۔ پنجاب یونیورسٹی سٹوڈنٹس فیڈریشن کے تحت منعقدہ ریلی میں سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔ ریلی میں شریک طلباء کا کہنا تھا کہ اے پی ایس شہداء ہمیں کبھی نہیں بھولیں گے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں سانحہ آرمی پبلک سکول کی پانچویں برسی پر شہداء کی یاد میں یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر نیو کیمپس کے گارڈن کو آرمی پبلک سکول میموریل گارڈن کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ ناقابل فراموش اورانسانیت سوز سانحہ آرمی پبلک کو 5 برس بیت گئے لیکن آج بھی پوری قوم اس سانحے کو یاد کر کے اشک بار ہے۔ کشمالہ طارق کا کہنا تھا کہ ہم اس سانحہ کو کبھی بھلا نہیں سکتے، جس میں طلباء کیساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی شہید کیا گیا۔ وائس چانسلر نے شہداء کی یاد میں یونیورسٹی گرائونڈ میں پودا بھی لگایا اور ملکی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔

دوسری جانب ماڈل ٹاؤن میں گورنمنٹ اے پی ایس میموریل ماڈل ہائی سکول میں سانحہ اے پی ایس کی یاد میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پرنسپل رانا عطاء محمد سمیت سٹاف اور طلباء کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے شہدائے اے پی ایس کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ دارارقم سکول اقبال ٹاؤن میں بھی سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رہنما جماعت اسلامی احمد سلمان بلوچ نے خصوصی شرکت کی۔ سکول کے بچوں نے تعلیم کے دیئے روشن کئے۔ پی ایچ اے کے ہیڈ آفس میں بھی شہدائے اے پی ایس اور ملکی سلامتی و استحکام کیلئے دعائے خیر کی گئی۔ شہدائے اے پی ایس کے لواحقین کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔  گلبرگ میں لبرٹی گول چکر پر"البیراک" کی جانب سے اے پی ایس کے شہداء کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر جامعہ نعیمیہ کے حفاظ کرام نے قرآن خوانی کی، شہداء کی یاد میں دئیے بھی روشن کئے گئے۔

سانحہ اے پی ایس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جوہر ٹاون میں ادارہ منہاج الحسین کے زیراہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ طوسی ماڈل سکول کے بچوں نے مختلف خاکے پیش کرکے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ سرپرست اعلیٰ ادارہ منہاج الحسین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، شہداء اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت نے پاکستان کو بہت زیادہ نقصان پہچایا ہے، یہ عفریت بھی ہمارے ماضی کے حکمرانوں کی عاقبت نااندیشی کے باعث ہمیں بھگتنا پڑا۔ تقریب میں شہداء اے پی ایس کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ ادھر منصورہ آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام سقوطِ مشرقی پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں تجزیہ کار سجاد میر، پروفیسر سلیم منصور خالق، نائب امیر جماعت اسلامی عبدالغفارعزیز، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، اکرم شاہین سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ مشرقی پاکستان الگ ہونا بہت بڑا سانحہ تھا، ہمیں اپنا احتساب کرنا ہو گا۔ کلبھوشن تو دیگ کا ایک دانہ ہے نہ جانے کتنے کلبھوشن عالم اسلام کے دشمنوں سے مل کر ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں مصروف ہیں، آج بھی بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماوں کو پھانسیاں دی جاتی ہیں۔ ادھر ماڈل ٹاون میں منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے گوشہ درود میں اے پی ایس کے شہید بچوں کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا- ڈاکٹر طاہر القادری نے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے شہید بچوں کیلئے دعا کروائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اے پی ایس پشاور کا المناک سانحہ ناقابل فراموش ہے، اللہ تعالیٰ شہید بچوں کے درجات بلند اور ان کے والدین کو اجر عظیم عطا کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی مذموم کارروائیاں کم ہوئیں، ختم نہیں ہوئیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان کی ہرشق پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کی ضرورت ہے- انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان نے جرأت مندانہ کردار ادا کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 833195
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش