0
Sunday 16 Aug 2020 09:43

سعودی سفیر کے دورہ لاہور کی اندرونی کہانی، کس نے کیا کہا؟؟

سعودی سفیر نے جنرل (ر) راحیل شریف کو ملاقات کی صورتحال سے آگاہ کر دیا
سعودی سفیر کے دورہ لاہور کی اندرونی کہانی، کس نے کیا کہا؟؟
رپورٹ: ابو فجر لاہوری

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سخت بیان کے بعد سعودی شاہی خاندان میں ہلچل پائی جا رہی ہے، اس حوالے سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی پاکستان میں اہم شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی عرب کے سفیر نے لاہور کے دورہ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی اور قاف لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقاتیں کی تھیں۔ سعودی سفیر نے دورہ لاہور کے دوران سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفیر اور سابق آرمی چیف کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

دوسری جانب ذرائع نے "اسلام ٹائمز" کو بتایا کہ سعودی سفیر نے گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ اور سپیکر پنجاب اسمبلی سے ہونیوالی ملاقاتوں کے حوالے سے جنرل (ر) راحیل شریف کو بریفنگ دی اور مذکورہ شخصیات کو سعودی عرب کے حوالے سے ملکی پالیسی میں مثبت تبدیلی کیلئے حکومت پر دباو ڈالنے کا ٹاسک دیا۔ ذرائع کے مطابق سعودی سفیر نے بتایا کہ چودھری برادران نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار  نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی وفاق کا کام ہے، اس کا فیصلہ دفتر خارجہ اور وزیراعظم خود کرتے ہیں، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی عرب کی پنجاب میں سرمایہ کاری کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔ ذرائع کے مطابق گورنر نے البتہ یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنے دورہ یو اے ای سے واپسی پر وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور سعودی عرب کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کے بیان پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق گورنر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان اندرونی و بیرونی مسائل کا شکار ہے، جس کیلئے پاکستان کو دوستوں کی ضرورت ہے، مگر سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کیساتھ تعاون کی بجائے سودے بازی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی سفیر نے گورنر پنجاب کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور ہمیشہ پاکستان کی دوستی پر فخر کرتے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گورنر نے کہا کہ سعودی عرب نے کشمیر کے ایشو پر پاکستانی موقف کی حمایت نہیں کی تو سعودی سفیر نے جواب دیا کہ ہم انڈیا کیساتھ بہتر تعلقات بنا کر کشمیر کا مسئلہ بھی حل کروانے میں کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 880576
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش