0
Saturday 25 Jun 2022 23:17

احمقانہ فیصلوں نے بند گلی میں پہنچا دیا، طاقتور مافیا کو بے نقاب کروں گا، علی زیدی

احمقانہ فیصلوں نے بند گلی میں پہنچا دیا، طاقتور مافیا کو بے نقاب کروں گا، علی زیدی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ احمقانہ فیصلوں نے ہمیں بندگلی میں پہنچا دیا ہے، جلد طاقتور مافیا کو بے نقاب کروں گا۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ایل این اجی، ایل پی جی سیکٹر کو لبرلائز ہونے میں رکاوٹ ڈالی، یہی مافیا گیس بحران کی براہ راست اور بالواسطہ ذمہ دار ہے، یہ مافیا آج تک اپنی اجارہ داری جاری رکھے ہوئے ہے، جلد اس طاقتور مافیا کو بےنقاب کروں گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گیس سیکٹر اربوں ڈالر کی صنعت ہے، امپورٹڈ حکومت احمقانہ فیصلے کر رہی ہے اور ان احمقانہ فیصلوں نے ہمیں بند گلی میں پہنچا دیا ہے، بجلی کی بڑے پیمانے پر لوڈشیڈنگ سے ہماری معیشت مزید سکڑ رہی ہے۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ حکومت کو کل ایل این جی کیلئے 40 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی وصول ہوئی، جو تاریخ کی سب سے مہنگی بولی ہے، مئی، جون میں 25 سے 30 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت پر 9 کارگو خریدے، امپورٹڈ حکومت کے خریدے گئے 9 کارگو کی قیمت 900 ملین ڈالر بنتی ہے، ہم نے جس قیمت پر یہ ایل این جی خریدی، اس سے 5 گنا کم قیمت پر بیچتے ہیں، اس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو 2 مہینے میں 500 ملین ڈالر کا دھچکا لگا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ احمقانہ حرکتیں چھوڑ کر عقل سے کام لے اور یورپ، چین، بھارت کی طرح روس سے رعایتی نرخوں پر گیس خریدے۔ علی زیدی نے کہا کہ دن میں بجلی کی بچت اور کفایت شعاری سے بجلی کی مانگ کو کم کرنا ہوگا، یو ایف جی یعنی گیس کی لیکیج اور چوری کے مسئلے کو روکنا ہوگا کیونکہ ان عوامل سے ملک کو 25 سے 30 ارب روپے ماہانہ نقصان پہنچتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1001120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش