0
Thursday 7 Jul 2022 16:32

پاکستان دیوالیہ ہونے جارہا ہے، شوکت ترین کا دعویٰ

پاکستان دیوالیہ ہونے جارہا ہے، شوکت ترین کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے عمران خان حکومت کے تمام پروگرام بند کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین نے شہباز حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ عوامی ریلیف کے لئے ہم نے پروگرام دیئے تھے وہ انہوں نے آکر بند کردیئے، کامیاب جوان پروگرام کی فنڈنگ روک دی، قبائلی علاقوں کے لئے صحت اسکیم کارڈ ختم کردیا جبکہ لنگر خانوں کو تالے لگا دیئے۔ ملک میں جاری توانائی بحران پر شوکت ترین نے کہا کہ یہ ہمیں کہتے تھے کہ ہم سلیکٹڈ ہیں یہ تو نالائقوں کی یونیورسٹی کے ماسٹر ہیں، اپریل تک ملک میں کوئی شارٹ فال نہیں مگر ایندھن تو منگوانا تھا، اگر آپ ایندھن نہیں منگوائیں گے تو کیسے چلے گا؟

سابق وزیر خزانہ نے الزام عائد کیا کہ موجودہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ یکم جون سے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، جون میں سات سے آٹھ گھنٹے بجلی جاتی رہی جبکہ جولائی میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے اور اب عوام کو کہا جارہا ہے کہ عوام اس گرمی میں بغیر بجلی کے رہے۔ شوکت ترین نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا کہ خان صاحب نے پٹرولیم لیوی، سیل ٹیکس معاف کردیا تھا، امپورٹڈ حکومت نے سپر ٹیکس لگا کر پاکستان کیساتھ بہت بڑا ظلم کیا، اب جو انہوں نے لیوی لگائی یہ پچاس روپے تک جائے گی، یہ لیوی عوام کی کمر توڑ دے گی، اس حکومت کی وجہ سے ہم صدیوں پیچھے چلے گئے۔

شوکت ترین نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے جا رہا ہے، نیا الیکشن اور نیا مینڈیٹ ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ روس سے تیل لینے پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن موجودہ حکومت امریکا سے ڈرنے کی وجہ سے تیل نہیں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی تو عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے پر عوام کو فوری ریلیف دیتی، حکومت عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے پر عوام کو ریلیف دے۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی کا 14 سال کا ریکارڈ موجودہ حکومت نے توڑ دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1003267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش