0
Sunday 14 Aug 2022 21:19

ملک کی ترقی کیلئے ہم سب کو محنت کرنا ہوگی، وزیراعلیٰ سندھ

ملک کی ترقی کیلئے ہم سب کو محنت کرنا ہوگی، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی سیاسی دانشمندی اور دور اندیشی سے پاکستان بنایا اور اب ایک ذمہ دار قوم کے طور پر ہمیں اس کی حفاظت کرنی ہے اور اسے سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے۔ یہ بات انہوں نے قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی کے ہمراہ مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں وہ آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آئے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچھ سیاسی یتیموں نے اپنے بے بنیاد بیانیہ کو آگے بڑھا کر ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی ہے لیکن اس ملک کے عوام سیاسی طور پر باشعور اور قومی پرچم تلے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی ترقی کے لئے ہم سب کو محنت کرنا ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی اصل میں قدرتی آبی گزرگاہوں اور طوفانی نالوں کے ساتھ ایک منصوبہ بندی والا شہر تھا لیکن بدقسمتی سے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تمام قدرتی آبی گزرگاہیں ہاؤسنگ اسکیموں میں تبدیل ہوگئیں اور طوفانی نالوں کے کنارے تجاوزات نظر آنے لگیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی وہ بنیادی وجوہات تھیں جن کی وجہ سے بارش کے پانی کو ٹھکانے لگانا ایک چیلنج بن گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت نے شہر کے طوفانی نالوں کی بحالی کے لئے سخت محنت کی ہے اور ان کی مناسب صفائی کی وجہ سے بارش کے پانی کو ضائع کرنے کے قابل بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی نکاسی آب کے مسائل کو حل کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شدید بارشوں سے سندھ بھر میں سڑکوں کے نیٹ ورک کو نقصان پہنچا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے شدید بارشیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جولائی میں بے مثال موسلادھار بارشیں ہوئیں اور اب بھی مون سون جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا نکاسی آب کا نظام اتنی شدید بارشوں کو پورا کرنے کے لئے ڈیزائن نہیں کیا گیا تھا اور اب ہم اپنے مجموعی نکاسی آب کے نظام کو نئے سرے سے ڈیزائن یا بہتر بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے قائم مقام گورنر کے ہمراہ بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔ انہوں نے مزار قائد پر مہمانوں کی بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے مزار قائد پر پرچم کشائی بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 1009167
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش