0
Tuesday 16 Aug 2022 15:17

آئی ایس او کا ملک بھر میں سیلاب متاثرین کیلیے ریلیف کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ

سیلاب متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، مرکزی صدر زاہد مہدی
آئی ایس او کا ملک بھر میں سیلاب متاثرین کیلیے ریلیف کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلیے امدادی کیمپس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ مرکزی کیمپ لاہور میں آئی ایس او کے مرکزی سیکرٹریٹ کیساتھ قائم کیا گیا ہے۔ کیمپ میں مرکزی صدر زاہد مہدی نے شرکت کی اور ورکنگ کے حوالے سے جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امامیہ اسکاؤٹس نے فلڈ ریلیف ورکنگ کا آغاز کر دیا ہے، اس مہم میں میڈیکل کیمپس اور ادویات کی فراہمی، اشیائے خورو نوش اور کپڑے فراہم کئے جائیں گے، فلڈ ریلیف مہم میں سینکڑوں امامیہ اسکاؤٹس کی ٹیمیں تشکیل پا چکی ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔ اس موقع پر فلڈ ریلیف مہم کے مسئول غیور نقوی بھی موجود تھے۔
 
 مرکزی انچارج غیور نقوی نے سیلاب متاثرین کیلئے شروع کی جانیوالی امدادی کارروائیوں کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امامیہ اسکاؤٹس اور المصطفٰی ٹرسٹ کے زیراہتمام ملک کے اہم مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں، جن میں کراچی ، فیصل آباد، ملتان اور لاہور شامل ہیں، جبکہ دو روز قبل سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز لاہور سے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سگنلز پر موجود اسکاؤٹس کی ٹیم اپنے پاکستانی بھائیوں کیلئے امداد اکٹھی کر رہے ہیں، جس میں مخیر حضرات بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں اسکاؤٹس اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہیں، جبکہ ان کی معاونت کیلئے مزید اسکاؤٹس پر مشتمل ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، کیونکہ یہ ہمارا قومی و شرعی فریضہ ہے۔ انہوں نے تمام پاکستانی بھائیوں سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنا قومی و شرعی فریضہ جانتے ہوئے اپنے آفت زدہ بھائیوں کی بھرپور امداد کریں۔ خشک خوراک، خیمے، ادویات اور ضرویات زندگی کی اشد ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1009467
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش