0
Saturday 24 Sep 2022 23:57

پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس کیلئے پروجیکٹ کی منظوری

پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس کیلئے پروجیکٹ کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ذیلی ادارہ یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 21 ارب روپے مالیت کے دس پراجیکٹس کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے منظور کردہ منصوبوں کے تحت ہائی سپیڈ براڈبینڈ سروسز اور آپٹیکل فائبر کیبل کے ان منصوبوں سے چاروں صوبوں پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں کینکٹوٹی سروسز فراہم کی جائیں گی۔ یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 83واں اجلاس ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج) وزارت آئی ٹی محسن مشتاق کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چئیرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ، ممبر ٹیلی کام عمر ملک، سی ای او ٹیلی نار عرفان وہاب خان اور دوسرے حکام نے شرکت کی۔

سی ای او یونیورسل سروس فنڈ حارث محمود چوہدری نے اجلاس کو موجودہ منصوبوں پر ورکنگ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے 10 پراجیکٹس کی منظوری پر یو ایس ایف کی ٹیم اور بورڈ ممبران کو مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کے لیے وزارت آئی ٹی نے اپنے ذیلی ادارہ یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے ایک اور مربوط اقدام کیا ہے۔ یہ پراجیکٹس سماجی برابری، دور دراز علاقوں میں روزگار کے مواقعوں کی فراہمی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور ڈیجیٹل لیٹریسی میں مددگار ثابت ہوں گے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہم کینکٹوٹی و سمارٹ فون فار آل پالیسی کے راستے پر گامزن ہیں اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1016009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش