0
Saturday 18 Mar 2023 20:28

جماعت اسلامی کا کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر تشویش کا اظہار

جماعت اسلامی کا کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر تشویش کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے شہر قائد میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور قیام امن کیلئے ٹھوس و عملی اقدمات کرکے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اس وقت کراچی تا کشمور پورا صوبہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے، اسٹریٹ کرائم، لوٹ مار، ڈکیتی و چھینا چھپٹی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے، اب تو لوگ اپنے گھروں و گلیوں میں بھی محفوظ نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے نام پر اربوں روپے بجٹ میں رکھنے اور خرچ کرنے کے باوجود سندھ حکومت شہریوں کے جان و مال کی حفاظت میں بری طرح ناکام نظر آتی ہے۔

کاشف سیعد شیخ نے کہا کہ کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملہ لمحہ فکریہ ہے، عوام کے محافظ خود ہی محفوظ نہیں ہیں، تو عوام کی کیا حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں موجود کچھ کالی بھیڑیں جرائم کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کی بجائے چورں کی سرپرستی اور موٹرسائیکل سواروں سمیت عام لوگوں سے بھتہ لینے میں مصروف ہوتے ہیں، جس سے پورے محکمہ کی بدنامی ہوتی ہے، چند پولیس افسران و اہلکاروں کا جرائم پیشہ افراد سے ملکر کاروائیاں کرتے ہوئے پکڑے جانا اس کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو ماہ میں صرف شہر کراچی میں سات ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہوئیں ہیں، دو درجن سے زائد افراد دوران مزاحمت زندگی سے محروم کر دیئے گئے، جبکہ گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں الگ ہیں، یہ صرف ایک شہر کی رپورٹ ہے، سندھ کے باقی اضلاع کی صورتحال کیا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 1047383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش