0
Friday 2 Jun 2023 23:28

بہت جلد ایران کا دورہ کروں گا، سعودی وزیر خارجہ

بہت جلد ایران کا دورہ کروں گا، سعودی وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے فارن منسٹرز بالترتیب "حسین امیر عبداللہیان" اور "فیصل بن فرحان" وزرائے خارجہ کی سطح پر برکس اجلاس میں شرکت کے لئے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاون میں موجود ہیں۔ جہاں دونوں وزرائے خارجہ نے آپس میں ملاقات کی اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ حسین امیر عبداللہیان نے اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات میں حاصل شدہ کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوش قسمتی سے دونوں ممالک کے سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے افتتاح کے لئے سفیروں کا تعین تیاری کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے ایرانی حجاج کرام کے لئے سہولتیں اور بہتر انتظامات کرنے پر قدردانی کی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ گزشتہ مذاکرات میں ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بات کی تھی۔ آپ (فیصل بن فرحان) کا آئندہ دورہ تہران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مزید بات چیت کا موقع فراہم کرے گا۔

حسین امیر عبداللہیان نے برکس کو ایران و سعودی عرب اور دیگر ممالک کے مابین اقتصاد اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کے لئے اہم موقع شمار کیا۔ دوسری جانب اس ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت نتائج پر شادمانی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایرانی حکام کی جانب سے سعودی قونصل خانے و سفارت خانے کے افتتاح کے لئے جانے والی فنی ٹیم کے ایران میں استقبال کا خیر مقدم کیا۔ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہم نے دوطرفہ تعاون کی بدولت سیاسی نمائندگیوں اور قونصل خانوں کے افتتاح کے لئے سفراء کی تقرریوں کا مرحلہ بہت تیزی کے ساتھ عبور کیا ہے۔ اس وقت ہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ یہ تعلقات دونوں ممالک کی عوام اور خطے کے لئے منافع بخش ہوں گے۔ سعودی وزیر خارجہ نے اس بات کا یقین دلایا کہ وہ جلد ہی حسین امیر عبداللہیان کی دعوت پر تہران کا دورہ کریں گے۔ دونوں رہنماوں نے اس ملاقات میں ایکدوسرے کے صدور کو پرتپاک سلام بھیجا۔ 
خبر کا کوڈ : 1061600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش