0
Saturday 15 Oct 2011 19:29

لاہور، اپوزیشن جماعتوں کا دھرنا، ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کا ذمہ دار شہباز شریف کو قرار دیدیا، مستعفی ہونے کا مطالبہ

لاہور، اپوزیشن جماعتوں کا دھرنا، ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کا ذمہ دار شہباز شریف کو قرار دیدیا، مستعفی ہونے کا مطالبہ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی نے لاہور سمیت پنجاب میں ڈینگی وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کا ذمہ دار وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔ ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کیخلاف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی نے پنجاب اسمبلی سے وزیراعلٰی ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی ہاؤس کے باہر سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بھائی شہباز شریف سے استعفیٰ طلب کریں۔ احتجاجی مارچ اور دھرنے کی کال پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی نے دی تھی جس میں مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی، پی پی پنجاب کے صدر امتیاز صفدر وڑائچ اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اپوزیشن ارکان نے آدھا گھنٹہ تک ایوان وزیراعلیٰ کے باہر دھرنا دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں راجا ریاض کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ایک ناکام  وزیراعلیٰ ہیں، صوبے میں دن کو ڈینگی راج کرتا ہے اور رات کو ڈاکو راج کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سپریم کورٹ بھی عنقریب شہباز شریف کو نااہل قرار دے گی۔ دھرنے کے شرکاء نے ڈینگی سے ہلاک ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے بھیجا گیا پانی نہ پیا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن ارکان کو دو سو ڈینگی کٹس بھیجی گئیں جو اپوزیشن خواتین نے ہوا میں اچھال دیں۔ راجہ ریاض نے کہا کہ پنجاب میں ڈینگی اور ڈاکو راج ہے، ایک شخص پورے پنجاب پر قابض ہے جو عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ ڈینگی اور شہباز شریف ہٹاؤ مہم کیلئے جلد لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف سے پیپلز پارٹی کی خواتین کو ڈینگی سے بچاؤ کی کٹس بھی فراہم کیں جو انہوں نے یہ کہ کر پھینک دیں کہ اس سے تو مچھر بھی نہیں مرتا۔
خبر کا کوڈ : 106479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش