0
Wednesday 19 Oct 2011 23:49

پنجاب کی شخصی حکومت تسلیم نہیں کرتے، تخت لاہور کا ایک دکان سے 600 فیکٹریاں بنانا، اصولی نہیں وصولی سیاست ہے، بابر اعوان کا الزام

پنجاب کی شخصی حکومت تسلیم نہیں کرتے، تخت لاہور کا ایک دکان سے 600 فیکٹریاں بنانا، اصولی نہیں وصولی سیاست ہے، بابر اعوان کا الزام
سرگودہا:اسلام ٹائمز۔ گو نواز جدہ گو ریلی کے بعد سرگودھا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں شخصی حکومت قائم ہے، اسے تسلیم نہیں کرتے۔ وزیراعلٰی کو فوٹو سیشن کے علاوہ کوئی کام نہیں۔ تخت لاہور نے ایک دکان سے 600 فیکٹریاں بنالیں۔ پنجاب میں اصولی نہیں وصولی سیاست چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق پر تخت لاہور سے حملے ہو رہے ہیں۔ لیکن ہم ہر صورت فیڈریشن بچائینگے۔ بابر اعوان نے الزام عائد کیا کہ شریف برادران نے 20 مربع کا خضرآباد فارم کی کروڑوں کی اراضی کوڑیوں کے مول اپنے نام لگوالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں گاجر مولی پر سو موٹو ایکشن لیا جاتا، چیف جسٹس از خود نوٹس کے تحت شریف برادران کی کرپشن کا نوٹس لیں۔ 
سابق وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ڈیرہ غازی خان پٹواریوں کے جلسے میں نہیں جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پرچے کی بات آتی ہے تو تخت لاہور والے بھاگ جاتے ہیں۔ جب بھی موقع آیا بھٹو خاندان نے ملک کے لئے قربانی دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے پر 2013ء میں ہی ہوں گے اور تماشا لگانے والوں کا عوام خود تماشا بنا دینگے۔ سابق وفاقی وزیر قانون نے مطالبہ کیا کہ سرگودھا میں لاہور ہائی کورٹ کا بینچ تشکیل دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دن میں ڈاکووں اور رات کو سرمایہ داروں کا راج ہے۔ ریلیف برادران کو حکومت جاری رکھنے کے لئے ایک اور حکم امتناعی مل گیا ہے۔ لیکن ایک بڑی عدالت اللہ کی ہے جہاں کسی کی نہیں چلی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں کوئی گروپ نہیں ہے۔ سب ایک ہیں اور پارٹی چھوڑنے کے خواہشمند پارٹی چھوڑنے والوں کے انجام پر نظر ڈالنے کے بعد فیصلہ کریں۔ بابر اعوان نے نواز شریف سے اپیل کی کہ لوٹے واپس کر دیں ورنہ یہ انہیں لے ڈوبیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ سینٹ اور پنجاب میں انتخابات جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا گو زرداری گو کا نعرہ نہیں چلنے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بہادروں کی جماعت ہے، نواز شریف اور شہباز شریف دونوں بزدل ہیں۔ رو رو کر معافی مانگتے رہے جبکہ بینظیر بھٹو نے میدان سیاست میں عوام کے حقوق کے لئے جان دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پروفیسروں کو دینے کے لئے تنخواہ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 107681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش