0
Wednesday 2 Sep 2009 11:42

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ،2013ء تک حتمی شکل دینے پر دونوں ممالک کا اتفاق

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ،2013ء تک حتمی شکل دینے پر دونوں ممالک کا اتفاق
اسلام آباد:پاکستان اور ایران نے 26سو کلومیٹر طویل پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو دسمبر 2013ء تک حتمی شکل دینے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ملک میں گیس کی درآمد پر جاری سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے دونوں ممالک کے آپریشنل سطح کا مشترکہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایران کی جانب سے پانچ رکنی ماہرین کے وفد نے شرکت کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے جوائنٹ سیکرٹری ارشاد کلیمی کر رہے تھے۔وزارت پٹرولیم ذرائع کے مطابق اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان گیس پائپ لائن کی فزیبلیٹی پر جاری سرگرمیوں سمیت آپریشنل و تیکنیکی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ پاکستانی وفد کی جانب سے اس موقع پر مئوقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان کیلئے منصوبے کی بر وقت تکمیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ آئندہ چار سالوں کے دوران ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں ایران سے درآمد کی جانے والی گیس اہم کردار ادا کریگی۔ پاکستان کی جانب سے منصوبے کے مالکانہ حقوق رکھنے والی انٹر سٹیٹ گیس کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر حسن نواب نے منصوبے پر جاری پیش رفت اور مختلف تیکنیکی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ ایک ایرانی ٹی وی رپورٹ کے مطابق پاکستان وزارت پٹرولیم کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ اجلاس میں دونوں ملکوں کے حکام نے گیس پائپ لائن منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اتفاق کر لیا ہے۔ 7.5بلین ڈالرز کے لاگت کے مجوزہ منصوبے پر ابتدائی سمجھوتے پر گذشتہ مئی میں پاک ایران صدور نے تہران میں دستخط کئے اس منصوبے کو ”امن پائپ لائن “کا نام بھی دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 10970
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش