0
Wednesday 1 May 2024 18:36

ہر جارحیت کا اس کے نقطہ آغاز پر جواب دیں گے، انصاراللہ یمن

ہر جارحیت کا اس کے نقطہ آغاز پر جواب دیں گے، انصاراللہ یمن
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق یمن میں اسلامی مزاحمتی گروہ انصاراللہ یمن کے اعلی سطحی عہدیدار علی القحوم نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خبردار کیا ہے کہ یمن کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کی صورت میں اس سرزمین یا فوجی اڈے کو جوابی حملے میں نشانہ بنایا جائے گا جہاں سے یہ جارحیت انجام پائے گی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ جو فوجی اڈہ یا سرزمین بھی یمن کے خلاف جارحیت میں استعمال ہو گی اسے یمن کی مسلح افواج کیلئے جائز فوجی ہدف قرار دے دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی آپریشنز کا دائرہ کار اور ٹارگٹس بینک میں وسعت پر مبنی حکمت عملی کے پیش نظر یمن کے خلاف جارحیت میں شامل مقام یمن کی مسلح افواج کیلئے اسٹریٹجک اور اہم ہدف میں تبدیل ہو جائے گا۔ علی القحوم نے خطے میں طاقت کے توازن اور فوجی مساواتوں میں تبدیلی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم جارح قوتوں کو یمن کے خلاف ہر قسم کے دشمنانہ اقدام کے بھیانک نتائج سے خبردار کرتے ہیں اور ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ یمن کے خلاف گذشتہ نو سال کی جارحیت سے سبق سیکھیں۔
 
انصاراللہ یمن کے مرکزی رہنما علی القحوم نے ان ایجنٹوں کو بھی خبردار کیا جو دشمن طاقتوں کے اہداف کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہیں اور کہا کہ اگر تم لوگوں کی کوئی اہمیت ہوتی تو گذشتہ نو سالوں میں اس کا اثر سامنے آ جاتا۔ ایجنٹوں پر بھروسہ کرنے کا واحد نتیجہ شکست ہے۔ علی القحوم نے امن مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کا حصول اور اس کا اجراء یمن کے قومی مفادات کے حق میں بھی ہے اور سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے فائدے میں بھی ہے جبکہ امن اور استحکام پورے خطے کیلئے بھی مفید ہے۔ انہوں نے لکھا کہ امن معاہدہ خطے میں تناو کے خاتمے کا باعث بنے گا اور مشترکہ مفادات کو پہلی ترجیح دے کر دشمنی کو دوستی میں تبدیل کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے۔ اس سے پہلے یمن کی اعلی سیاسی کاونسل کے اجلاس میں کاونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے بھی یمن کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈال دینے والی امریکہ کی دشمنانہ سرگرمیوں پر وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کے جارحانہ اقدامات کے نتائج صرف یمن کی حدود تک محدود نہیں رہیں گے۔ یمن کی اعلی سیاسی کاونسل نے اس بات پر زور دیا تھا کہ غاصب صیہونی رژیم کی وحشیانہ جارحیت کے خلاف فلسطین کی حمایت بدستور جاری رہے گی اور یہ موقف کبھی بھی تبدیل نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1132328
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش