0
Wednesday 1 May 2024 19:24

کئی ای وی ایم غائب ہوچکی ہیں اور انتخابی نتائج میں چھیڑ چھاڑ کی جارہی ہے، ممتا بنرجی

کئی ای وی ایم غائب ہوچکی ہیں اور انتخابی نتائج میں چھیڑ چھاڑ کی جارہی ہے، ممتا بنرجی
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی انتخابات اب تیسرے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔ ووٹنگ کے پہلے دو مرحلوں کے بعد سیاستدانوں میں الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر مغربی بنگال کی وزیراعلٰی ممتا بنرجی نے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل ’ای وی ایم‘ کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ مغربی بنگال کے فرکا میں منعقدہ ایک انتخابی ریلی میں ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ اس بات کا امکان ہے کہ نتائج میں بی جے پی کے حق میں ہیرا پھیری ہوسکتی ہے، کیونکہ کئی ’ای وی ایم‘ غائب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں ووٹنگ فیصد میں اچانک اضافہ تشویشناک ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ووٹنگ فیصد میں اچانک اضافہ نہ صرف پریشان کن ہے بلکہ ای وی ایم کی سے متعلق اعتماد کے بارے میں سنگین خدشات بھی پیدا کرتا ہے۔

مغربی بنگال کی وزیراعلٰی ممتا بنرجی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ’ای وی ایم‘ بنانے والوں کے ناموں کو عام کرنا چاہیئے، کیونکہ بی جے پی الیکشن جیتنے کے لیے کسی بھی سطح تک جا سکتی ہے۔ دراصل الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کی شام 19 اپریل اور 26 اپریل کو ہونے والے پہلے دو مرحلوں کے لئے ووٹنگ کا فیصد جاری کیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق موجودہ پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 66.14 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے اور دوسرے مرحلے میں 66.71 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ملک میں عام انتخابات سات مرحلوں میں ہو رہے ہیں، دو مرحلوں میں 19 اور 26 اپریل کو ووٹنگ ہوچکی ہے۔ باقی پانچ مرحلوں کے لئے ووٹنگ 7 مئی، 13 مئی، 20 مئی، 25 مئی اور یکم جون کو ہوگی، جب کہ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 1132330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش