0
Wednesday 1 May 2024 22:14

تحریک لبیک لاہور رکشہ یونین کی یوم مزدور کے موقع پر داتا دربار سے شملہ پہاڑی تک ریلی

تحریک لبیک لاہور رکشہ یونین کی یوم مزدور کے موقع پر داتا دربار سے شملہ پہاڑی تک ریلی
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک پاکستان ضلع لاہور رکشہ یونین کے زیراہتمام یوم مزدور کے موقع پر داتادربار سے پریس کلب شملہ پہاڑی تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں سیکڑوں کی تعداد میں مزدوروں، شہریوں اور رکشہ ڈرائیوروں نے رکشوں سمیت شرکت کی۔ ریلی کی قیادت امیر تحریک لبیک پاکستان ضلع لاہور عثمان مظفر نقشبندی، نصیر الدین اعوان، محمد عاصم رضوی، حاجی صدیق رضوی، عمیر جہانگیر رضوی، قاری جمیل احمد شرقپوری، شیخ وقاص احمد اور محمد یوسف رضوی نے کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر عثمان مظفر نقشبندی، حاجی صدیق رضوی، نصیر الدین اعوان کا کہنا تھا کہ یوم مزدور مزدوروں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، مزدور ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، مزدوروں کی جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی محنت کشوں اور ہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

اس موقع پر قاری جمیل احمد شرقپوری، محمد یوسف رضوی، شیخ وقاص احمد کا کہنا تھا کہ ہر انسان آزاد ہے اس کا حصول رزق کیلئے ہر جائز عمل قابل احترام ہے، جس کا معاوضہ لازم ہے، وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہماری اس اہم افرادی قوت کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، لہذا حکومت مزدوروں کی عزت اور وقار کو تحفظ دے۔ مزدور کی تعریف مزدوروں کے حقوق اور ان کو تحفظ دینے والا نظام کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔ مزدوروں کی عزت و آبرو اور ان کے حقوق کو تحفظ صرف اسلامی نظام ہی دے سکتا ہے، کیپٹل ازم، سوشل ازم اور کیمونزم اس میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، مزدوروں پر ستم تو ڈھائے گئے لیکن ان کا تحفظ بھی نہ ہو سکا۔ رسول کریم ﷺ کا ارشاد ہے قیامت کے دن جن تین آدمیوں کیخلاف میں مدعی ہوں گا ان میں ایک وہ شخص جو کسی کو مزدور رکھے اور اس سے پورا پورا کام لے مگر مزدوری پوری نہ دے۔ اس موقع پر تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ ملکی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حکومت فوری طور پر مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت پچاس ہزار کرے۔
خبر کا کوڈ : 1132353
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش