0
Thursday 2 May 2024 12:34

کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیریوں کی املاک کی مسلسل ضبطی پر اظہار تشویش

کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیریوں کی املاک کی مسلسل ضبطی پر اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں کی املاک کی مسلسل ضبطی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے آبادکاری کے اپنے نو آبادیاتی منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ انتظامیہ نے اپنے حالیہ اقدام میں ضلع بارہمولہ میں 7 افراد کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جائیدادیں کسی نہ کسی بہانے ضبط کرنا بھارتی انتظامیہ کا معمول بن گیا ہے جس کا واحد مقصد کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانا اور انہیں خاموش رہنے پر مجبور کرنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت سلب کرنے کے بعد علاقے میں اپنے نوآبادیاتی اقدامات کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، اس نے جموں و کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے ان کے گھروں، زمینوں اور دیگر املاک چھینے کا واحد مقصد انہیں تحریک آزادی سے وابستگی کی سزا دیکر اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے بالکل اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی انتظامیہ ایک طرف کشمیریوں کے گھروں کو مختلف بہانوں سے ضبط کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف بھارتی فوج بھی محاصروں اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیو ں کے دوران گھروں کو گولہ باری کر کے اور بارودی مواد لگا کر تباہ کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں سے ان کے گھربار، زمینیں، نوکریاں، روزگار وغیرہ چھیننا مودی حکومت کے خطرناک عزائم کی نشاندہی کرتا ہے، کشمیریوں کا واحد قصور یہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں، بھارت یہ حق دینے کے بجائے انہیں طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مزید کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں پارلیمانی انتخابات کا ڈرامہ رچا کر عالمی برادری کو یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیریوں کا واحد مطالبہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کی فراہمی ہے اور وہ اس حق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم اور غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 1132438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش