0
Thursday 2 May 2024 16:06

عالمی برادری غاصب صہیونی مجرموں اور انکے مذموم حامیوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے، ایران

عالمی برادری غاصب صہیونی مجرموں اور انکے مذموم حامیوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے، ایران
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر و مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے، فلسطین کی مستقل رکنیت کی درخواست کے خلاف امریکی ویٹو پر بحث کے لئے گذشتہ روز منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کے ساتھ خطاب کیا ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی مکمل حمایت کرتے ہوئے امیر سعید ایراوانی نے تاکید کی کہ ہمیں امریکہ کے غیر ذمہ دارانہ اقدام اور فلسطینیوں کے جائز حقوق کے حصول کو روکنے پر مبنی، امریکہ کی جانب سے ویٹو کے غلط استعمال پر افسوس ہے۔

اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے کہا کہ اس شرمناک ویٹو کہ جو عالمی برادری کے اجتماعی ارادے کے خلاف انجام پایا ہے، نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ فلسطینی عوام کی امنگوں کی تکمیل میں اب بھی امریکہ ہی واحد رکاوٹ ہے۔

امیر سعید ایروانی نے کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ امریکہ نے اقوام متحدہ کا مستقل رکن بننے کی فلسطین کی اہلیت کو "کھلم کھلا" چیلنج کرتے ہوئے ایک مظلوم قوم کی امن پسند فطرت پر سوال اٹھایا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ میں امریکی وفد کی جانب سے پیش کئے جانے والے منافقانہ جواز پر بھی شدید تنقید کی اور "امن نامی مذاکرات" کی تکمیل کی ضرورت پر مبنی امریکی درخواست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ اپارتھائیڈ صیہونی رژیم کو بین الاقوامی مطالبات یا فلسطینیوں کے کم از کم حقوق کو پورا کرنے پر مجبور کرنے کے لئے بھی امریکہ کی جانب سے عملی طور پر کوئی کوشش ہی نہیں کی گئی۔

انہوں نے گذشتہ اکتوبر سے جاری غاصب و سفاک صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کی وضاحت اور رفح پر اسرائیلی حملے سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ و دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انجام پانے والے کھلے جنگی جرائم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے صیہونی کمانڈروں، ان جرائم کے مرتکب ہونے والوں اور اس غیرقانونی و سفاک رژیم کے مذموم حامیوں کو جوابدہ بنانے کی خاطر ضروری اقدامات اٹھائے!

اپنے خطاب کے آخر میں امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ایران کے نقطۂ نظر سے مسئلہ فلسطین کا جامع حل اس قوم کے حق خود ارادیت کے مکمل حصول اور قدس شریف کے دارالحکومت پر مبنی ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی ممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 1132460
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش