0
Tuesday 7 May 2024 15:28

مسلمانوں کو ریزرویشن ضرور ملنا چاہیئے، لالو پرساد یادو

مسلمانوں کو ریزرویشن ضرور ملنا چاہیئے، لالو پرساد یادو
اسلام ٹائمز۔ بہار کے سابق وزیراعلٰی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو ریزرویشن ملنا چاہیئے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جنگل راج کی بنیاد پر بھی پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر ہماری طرف ہیں، اس لئے وہ انہیں مشتعل کررہے ہیں، وہ ڈر گئے ہیں، اس لئے جنگل راج کا نام لے کر عوام کو مشتعل کررہے ہیں۔ لالو پرساد یادو نے کہا کہ وہ آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں، جمہوریت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وہیں مسلمانوں کو ریزرویشن کے سوال پر لالو پرساد یادو نے کہا کہ مسلمانوں کو پورا ریزرویشن ملنا چاہیئے۔ دراصل بہار میں انتخابی جلسے کو خطاب کرنے پہنچے نریندر مودی نے الزام لگایا تھا کہ آر جے ڈی اور کانگریس کی منشا درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کو لوٹ کر مسلمانوں کو دینے کی ہے۔

لالو پرساد یادو نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو ریزرویشن ملنا چاہیئے جبکہ آر جے ڈی لیڈر اور شہر کے سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ کرپوری ٹھاکر کے دور اقتدار میں مسلمانوں سمیت پسماندہ طبقات کے لئے ریزرویشن شروع کیا گیا تھا۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کرپوری ٹھاکر کی توہین کرنے پر آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے حیرانی ہے کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو اس پر خاموش کیوں ہے۔ لالو پرساد یادو نے ایکس (ٹوئٹر) پر لکھ کر بی جے پی پر تنقید کی تھی۔ لالو یادو نے لکھا کہ یہ الیکشن مرنے کا نہیں زندہ رہنے کی لڑائی کا الیکشن ہے۔ لالو پرساد یادو نے کہا کہ مودی حکومت آئین ختم کر دے گی، جمہوریت ختم کردے گی اور ریزرویشن ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی حکومت آئی تو نفرت اور تقسیم میں مزید اضافہ ہوجائے گا، آئینی اداروں کی باقی ماندہ خود مختاری بھی ختم ہوجائے گی۔
خبر کا کوڈ : 1133386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش