0
Tuesday 15 Nov 2011 18:35

حکمران امریکی سامراج کی غلامی کے بعد ملک میں بھارتی بالادستی قائم کرنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی

حکمران امریکی سامراج کی غلامی کے بعد ملک میں بھارتی بالادستی قائم کرنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا ہے کہ اے پی سی اور پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد کے باوجود ڈرون حملوں نے حکمرانوں کے قول و فعل میں تضاد اور پارلیمنٹ کو عملاً ربڑ اسٹیمپ ثابت کردیا ہے۔ جس حکومت میں اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی ان کی غلط پالیسیوں اور نااہلی کیخلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہوں وہ حکومت عوام کے مسائل کیا حل کرے گی۔ ایئر چیف کا دبئی میں خطاب ناکامی کا اعتراف ہے اور غیروں کی جنگ میں اپنے ملک کو میدان جنگ بنانے والی پالیسی کیخلاف جماعت اسلامی کے موقف کو درست ثابت کردیا ہے کہ طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، سیاسی اور عسکری قیادت امریکی ڈکٹیشن پر عمل کے بجائے اے پی سی کے فیصلوں کے مطابق قبائیلوں سے بات چیت کے ذریعے پیش رفت کرکے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا شہدا کے خون سے غداری اور مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر بھارت سے تجارت کی باتیں نظریہ پاکستان کو دفن کرنے کے مترادف ہے، بعض سیاستدانوں کے مسئلہ کشمیر کو بالائے طاق رکھ کر بھارت سے تجارت کرنے کے بیانات سے بلی تھیلی سے باہر آگئی ہے، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ شاہ سے بڑہ کر شاہ کی وفاداری میں کس طرح کے عزائم رکھتے ہیں۔ مجاہد چنا نے کہا کہ جماعت اسلامی نظریہ پاکستان کی حفاظت، ثقافتی دہشت گردی اور بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کیخلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کرے گی کیونکہ حکمران امریکی سامراج کی غلامی کے بعد ملک میں بھارتی بالادستی قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اور ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے تمام دینی جماعتوں کا وسیع تر اتحاد اور مجلس مشاورت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 114166
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش