0
Friday 18 Nov 2011 19:15

بھارت کو پسندیدہ قرار دینے کیخلاف مذہبی اور کشمیری جماعتوں کا ملک گیراحتجاج

بھارت کو پسندیدہ قرار دینے کیخلاف مذہبی اور کشمیری جماعتوں کا ملک گیراحتجاج
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کیخلاف مذہبی جماعتوں اور کشمیری تنظیموں کے ملک بھر میں زبردست احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں، قریہ قریہ شہر شہر لوگ سڑکوں پر نکل آئے، انڈیا کیخلاف شدید غم و غصہ کا اظہار اور زبردست نعرے بازی، بھارتی و امریکی پرچم نذر آتش، لاہور میں جماعۃالدعوۃ نے چوبرجی چوک اور جماعت اسلامی نے منصورہ میں مظاہرے کئے، طلباء، وکلاء اور تاجروں سمیت ہزاروں افراد کی شرکت، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، کراچی، ملتان، مظفرآباد اور دیگر شہروں میں بھی بڑی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، بھارت سے تجارت اور پسندیدہ ملک کا درجہ دینے کے فیصلے واپس لینے تک بھر پور تحریک جاری رکھنے کا عزم کیا گیا، 11 دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ عام کا اعلان، سید منور حسن، پروفیسر حافظ محمد سعید، مولانا سمیع الحق، جنرل (ر)حمید گل، شیخ رشید احمد، غلام محمد صفی، اعجازالحق، حافظ عبدالرحمن مکی، لیاقت بلوچ و دیگر نے کہا ہے کہ امریکہ کی خوشنودی کیلئے ہندو بنیئے سے تجارت کی آڑ میں بھارتی اسلحہ پاکستان کے راستے افغانستان پہنچانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکمران کشمیریوں کے خون پر تجارت اور ملک دشمن معاہدوں سے باز نہ آئے تو پورے ملک میں کروڑوں افراد کا سیلاب انہیں اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کرے گا، سید علی گیلانی اور دیگر کشمیری لیڈروں کے قتل کی سازشوں پر حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے، واہگہ بارڈر پر دھرنا دے کر تجارت کے راستے روکے جائیں گے۔ 
لاہور کی طرح مریدکے، پسرور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، خانیوال، ملتان، بہاولنگر، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان، حیدر آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی و دیگر شہروں، قصبوں اور علاقوں میں بھی زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں جماعۃ الدعوۃ اور جماعت اسلامی کی طرح جمعیت علماء اسلام (س)، جمعیت علماء پاکستان، جمعیت اہلحدیث ( ابتسام گروپ)، تنظیم اسلامی، مجلس احرار اسلام، جماعت اہلحدیث، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ، جماعت اہلسنت پاکستان، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، عوامی لیگ، جماعۃ الدعوۃ آزاد کشمیر، آل پارٹیز حریت کانفرنس، تحریک آزادی جموں کشمیر، پاکستان واٹر موومنٹ، تحریک خاکسار، المحمدیہ سٹوڈنٹس، اسلامی جمعیت طلباء و دیگر تنظیموں و جماعتوں کی طرف سے بھی ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں بھارت مخالف مظاہروں میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے جو ق در جوق شرکت کی اور حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا احتجاجی ریلیوں کے دوران بھارتی و امریکی پرچم نذر آتش کئے گئے۔
لاہور میں مظاہرہ جماعۃ الدعوۃ کی طرف سے چوبرجی چوک میں کیا گیا جس میں کالجز، یونیورسٹیز و دینی مدارس کے طلباء، وکلاء اور تاجروں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے بعد نمازی سٹرکوں پرنکل آئے، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت سے رشتہ کیا، نفرت کا گولی کا، انڈیا کا جو یار ہے اسلام اور نظریہ پاکستان کا غدار ہے اور انڈیا کا یار واہگہ بارڈر سے پار، جیسی تحریریں درج تھیں۔ مظاہرین کی جانب سے انڈیا کیخلاف زبردست نعرے بازی کی گئی اس موقع پر شرکاء میں زبردست غم و غصہ اور جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔
احتجاجی مظاہرے سے جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ، تحریک آزادی جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید، امیر جماعۃالدعوۃ لاہور مولانا حسنین صدیقی، مولانا محمد ادریس فاروقی، عرفان مہیس و دیگر نے خطاب کیا مولانا امیر حمزہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے سے صرف تحریک آزادی کشمیر ہی نہیں قومی سلامتی کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، انڈیا تاجروں کے بھیس میں ’’ را‘‘ کے ایجنٹ پاکستان میں داخل کر کے ریمنڈ ڈیوس کا ملک میں خود کش حملوں اور دہشت گردی کا نیٹ ورک دوبارہ فعال کرنا چاہتا ہے، سیاسی و عسکری قیادت حکمرانوں کے ان اقدامات پر خاموشی اختیار نہ کرے، اصولی فیصلہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے نہیں کشمیر آزاد کروانے اور اپنے دریاؤں سے بھارتی قبضہ چھڑانے کا ہونا چاہئے امیر جماعۃالدعوۃ لاہور مولانا حسنین صدیقی، تحریک آزادی جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید، مولانا محمد ادریس فاروقی، عرفان مہیس و دیگر نے کہا کہ حکمران مصنوعی لوڈ شیڈنگ پیدا کر کے بھارت سے بجلی خریدنے کی سازشیں کر رہے ہیں یہ اقدامات انہیں بہت مہنگے پڑیں گے غیور پاکستانی قوم پیسوں سے بجلی نہیں اپنا خون دیکر بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم خاک میں ملانا چاہتی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 115019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش