0
Tuesday 22 Nov 2011 20:15

ایران اور لبنان میں 12 امریکی جاسوس گرفتار، مغربی میڈیا میں ہلچل

ایران اور لبنان میں 12 امریکی جاسوس گرفتار، مغربی میڈیا میں ہلچل
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی نیوز چینل اے بی سی نیوز نے کل شام اعلان کیا کہ ایران اور لبنان میں 12 امریکی جاسوس انٹیلی جنس ایجنسیز کے ہاتھوں گرفتار ہو گئے ہیں جنہیں سزائے موت دیئے جانے کا قوی امکان موجود ہے۔ اس خبر نے امریکہ میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے اور عالمی میڈیا میں ہلچل مچا کر رکھ دی ہے۔
ان امریکی جاسوسوں کی گرفتاری اس وقت انجام نہیں پائی بلکہ گذشتہ مدت میں وقتا فوقتا انجام پائی ہے۔ بعض سیاسی ماہرین کی نظر میں اس وقت مغربی میڈیا کا اس خبر کو بڑے پیمانے پر کوریج دینا اور پھیلانا کچھ مشکوک نظر آتا ہے۔
گارڈین:
برطانوی روزنامہ ڈیلی گارڈین اس خبر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھتا ہے کہ سی آئی اے کی جانب سے واضح غلطیاں باعث بنی ہیں کہ اسکے جاسوس پھانسی کے تختے تک جا پہنچیں۔
ڈیلی میل:
برطانوی اخبار ڈیلی میل اس خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے رپورٹ کی صورت میں لکھتا ہے: ہم نہیں سمجھتے ان ایجنٹس کو دوبارہ زندہ دیکھ سکیں گے۔ ایران اور لبنان میں گرفتار ہونے والے دسیوں جاسوسوں کو سزائے موت ملنے کا قوی امکان موجود ہے۔
ڈیلی میل اس رپورٹ میں لکھتا ہے کہ ایران اور حزب اللہ لبنان کی جانب سے ان جاسوسوں کی گرفتاری نے امریکہ کی جانب سے ایران اور حزب اللہ کے خلاف اقدامات کو شدید دھچکہ پہنچایا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس:
ایسوسی ایٹڈ پریس نے بھی ان افراد کی گرفتاری کو ایران اور حزب اللہ لبنان کے مقابلے میں سی آئی اے کیلئے بڑی ناکامی قرار دیا اور لبنان میں امریکہ کی شکست کا اعتراف کیا۔
یو ایس اے ٹوڈے:
امریکی اخبار یو ایس ٹوڈے لکھتا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے ان امریکی جاسوسوں کی گرفتاری کے بعد لبنان میں سی آئی اے کے آپریشنز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
فرانس نیوز ایجنسی:
فرانس نیوز ایجنسی نے بھی ان امریکی جاسوسوں کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سی آئی اے کو پہلے ہی خبردار کیا جا چکا تھا کہ انکے جاسوس خطرے میں ہیں۔
نیوز 24:
نیوز 24 چینل نے بھی اس خبر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان امریکی جاسوسوں کی گرفتاری نے لبنان میں سی آئی اے کو شدید دھچکہ پہنچایا ہے، گذشتہ چند ماہ کے دوران سی آئی اے کے اعلی اہلکاروں نے بیرونی ممالک میں اپنے جاسوسوں کی دستگیری کو روکنے کیلئے خفیہ طور پر شدید قسم کی احتیاطی تدابیر لاگو کر رکھی تھیں۔ یہ احتیاطی تدابیر حزب اللہ لبنان کی جانب سے ان جاسوسوں کی گرفتاری سے پہلے عمل میں لائی جا چکی تھیں۔
اسرائیل نیشنل نیوز:
اسرائیلی میڈیا نے بھی اپنے مخصوص انداز میں اس خبر پر ردعمل ظاہر کیا۔ اسرائیل نیشنل نیوز نے 12 امریکی جاسوسوں کی گرفتاری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہیں ممکنہ سزائے دیئے جانے پر پریشانی کا اظہار کیا۔
یدیعوت آحارنوٹ:
اسرائیلی اخبار یدیعوت آحارنوٹ "سی آئی اے وحشت زدہ، حزب اللہ کا انٹی جاسوسی سیل" کے عنوان سے لکھتا ہے کہ حزب اللہ نے ایران کی مدد سے وطن کے غداروں کو شناخت کر کے گرفتار کر لیا ہے۔
یہ اخبار مزید لکھتا ہے کہ حزب اللہ لبنان جدیدترین ٹیلی کمیونیکیشن آلات کے ذریعے سی آئی اے کے جاسوسوں کو پکڑنے میں کامیاب رہا ہے۔
ہارٹز:
ایک اور اسرائیلی اخبار ہارٹز نے ان جاسوسوں کی گرفتاری کو سی آئی اے کیلئے شدید نقصان قرار دیا اور لکھا کہ حزب اللہ لبنان ایران کی مدد اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان جاسوسوں کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔
رشیا ٹوڈے:
روسی نیوز چینل رشیا ٹوڈے نے "ایران اور لبنان میں سی آئی اے کے نیٹ ورک کی نابودی" کے عنوان سے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ فی الحال ان جاسوسوں کا انجام واضح نہیں ہے لیکن جو چیز یقینی ہے وہ یہ کہ امریکی جاسوسی ادارے کیلئے اسکے اثرات انتہائی منفی ہوں گے۔
رویٹرز:
رویٹرز نیوز ایجنسی نے بھی اس خبر کو ایران اور حزب اللہ لبنان کے مقابلے میں سی آئی اے کی بڑی ناکامی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ امریکی جاسوسی نیٹ ورک خود امریکہ کی جانب سے لبنان کو دیئے گئے ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کے ذریعے ہی فاش ہوا۔
ٹائم:
امریکی مجلے ٹائم نے اس واقعے کو امریکی جاسوسی ادارے سی آئی اے کی شکست قرار دیتے ہوئے ان امریکی جاسوسوں کی گرفتاری میں ایران کے اہم کردار پر تاکید کی۔
سی این این:
امریکی نیوز چینل سی این این نے بھی دوسرے نیوز چینلز کی طرح ان جاسوسوں کی گرفتاری کو سی آئی اے کی شکست قرار دیا۔
یونائٹڈ انٹرنیشنل:
امریکی نیوز ویب سائت یونائٹڈ انٹرنیشنل نے اس خبر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان جاسوسوں کو سزائے ملنے کے امکان پر اپنی پریشانی کا اظہار کیا۔
لاس اینجلس ٹائمز:
امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان جاسوسوں کی گرفتاری کے بعد گذشتہ سال گرمیوں سے لبنان میں سی آئی اے کے تمام آپریشنز روکے جا چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 116328
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش