0
Tuesday 22 Nov 2011 20:32

میمو گیٹ اسکینڈل، حسین حقانی کا استعفٰی منظور

میمو گیٹ اسکینڈل، حسین حقانی کا استعفٰی منظور
 اسلام ٹائمز۔ میمو گیٹ اسکینڈل میں امریکا میں پاکستانی سفیر حسین حقانی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ حسین حقانی کا استعفٰی منظور کر لیا گیا۔ حسین حقانی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے اپنا استعفٰی منظور کرنے کی درخواست کی تھی۔ دوسری جانب سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے حسین حقانی سے استعفٰی طلب کیا ہے۔ حقانی نے ساڑھے تین سال امریکا میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ 
اس سے پہلے صدر زرداری کی زیر صدارت اعلٰی سطح کے اجلاس میں میمو ایشو پر شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ امریکا میں پاکستانی سفیر حسین حقانی نے مکمل طور پر میمو سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور خود کو ہر قسم کی تحقیقات کیلئے پیش کر دیا۔ ایوان صدر اسلام آباد میں صدر آصف زرداری کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے میمو کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
 اجلاس کے آغاز میں حسین حقانی نے کہا کہ وہ بطور سفیر اپنا استعفٰی پیش کرتے ہیں، جس پر صدر نے انہیں اپنا موٴقف پیش کرنے کا کہا۔ حسین حقانی نے کہا کہ ان کا کسی بھی میمو سے کوئی تعلق نہیں اور ساری کہانی محض الزام تراشی پر مبنی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ منصور اعجاز پاک فوج کیخلاف بولتا رہا ہے۔ حسین حقانی سے میمو پر بہت سارے سوالات کیے گئے، جن پر حسین حقانی نے اپنا موٴقف سامنے رکھا۔ حسین حقانی نے کہا کہ وہ تحقیقات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ بے شک کوئی کمیٹی یا کمیشن ہی کیوں نہ تشکیل دے دیا جائے۔ حسین حقانی نے کہا کہ تحقیقات میں معاونت کیلئے وہ اپنا بلیک بیری اور لیپ ٹاپ سرنڈر کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق میمو معاملے پر اس طرح کے مزید اجلاس متوقع ہیں۔ 
دیگر ذرائع کے مطابق امریکہ میں تعینات پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذات کو جمہوریت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، بلکہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر میمو سکینڈل کے حوالے سے انکوائری کا سامنا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب میں اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان اور ملک میں تعصب کے خاتمے کے لئے صرف کروں گا۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے اپنا استعفٰی منظور کرنے کی درخواست کی ہے۔
اس سے قبل ایوان صدر میں میمو سکینڈل کے حوالے انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں صدر آصف زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا نے شرکت کی۔  ذرائع نے بتایا کہ حسین حقانی سے تحقیقات کے لیے سوالنامہ تیار کیا گیا تھا۔ سوالنامہ گذشتہ روز ہونے والے اعلٰی عسکری حکام کے اجلاس میں تیار کیا گیا تھا۔ اجلاس میں تمام شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی روشنی میں سوالات تیار کیے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین حقانی کے بلیک بیری اور کمپیوٹر ریکارڈ کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 116335
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش