0
Sunday 27 Nov 2011 00:58

آئندہ ایسا کوئی حملہ برداشت نہیں کیا جائیگا، انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل قبول ہے، آرمی چیف

آئندہ ایسا کوئی حملہ برداشت نہیں کیا جائیگا، انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل قبول ہے، آرمی چیف
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے افغانستان میں تعینات نیٹو ہیلی کاپٹرز اور جنگی طیاروں کی جانب سے پاکستانی سکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملے کی شدید انداز میں مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس غیر ذمہ دارانہ اقدام کا جواب دینے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ بتایا گیا ہے کہ پچیس اور چھبیس نومبر کی درمیانی شب مہمند ایجنسی میں سلالا میں سکیورٹی چیک پوسٹ کو نیٹو کے ہیلی کاپٹرز اور جنگی طیاروں نے بلااشتعال نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 24 سکیورٹی اہلکار شہید اور 13 زخمی ہو گئے۔
چیک پوسٹ پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے دستیاب وسائل اور ہتھیاروں کے ذریعے نیٹو کو موثر جواب دیا، پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اس ناقابل قبول اور بہیمانہ اقدام کی شدید انداز میں مذمت کی جس میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ انہوں نے جوابی کارروائی کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس غیر ذمہ دارانہ اقدام کا موثر جواب دینے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں، پاک فوج کی جانب سے نیٹو سے اس واقعہ پر سخت احتجاج کیا گیا اور یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث ذمہ داران کے خلاف فوری اور سخت ترین کارروائی یقینی بنائی جائے۔
دیگر ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے مہمند ایجنسی میں دو پاکستانی چیک پوسٹوں پر نیٹو ، ایساف حملے اور 24 افراد کی شہادت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ہونے والا انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل قبول ہے۔
خبر کا کوڈ : 117500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش