0
Wednesday 23 Sep 2009 09:34

امریکہ علاقے سے نکل جائے،ایران پر حملے کی کوشش کرنے والوں کے ہاتھ توڑ دینگے،احمدی نژاد

امریکہ علاقے سے نکل جائے،ایران پر حملے کی کوشش کرنے والوں کے ہاتھ توڑ دینگے،احمدی نژاد
تہران:ایران کے صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ایران کے خلاف جارحیت کی جرات نہیں کر سکتی۔ ایران پر حملہ کرنے والوں کے ہاتھ توڑ دیں گے،ایران عراق جنگ کے 29 سال مکمل ہونے اور ہفتہ دفاع مقدس کے آغاز پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر نے کہا کہ ایران کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، ایران کی مسلح افواج تاریکی کی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور ایران کی طرف بڑھنے والے ہاتھ توڑ دیئے جائیں گے، انہوں نے ایک دفعہ پھر کہا کہ امریکہ کی زیر قیادت غیر ملکی افواج عراق اور افغانستان سمیت خطے کے تمام ممالک سے فوری واپس چلی جائیں،صدر احمدی نژاد نے کہا کہ میں تمام ملکوں کو خود ان کے مفاد میں مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اس خطے سے اپنی فوجیں واپس بلا لیں کیونکہ اس خطے کے عوام کسی بھی غیرملکی فوج کے تادیر قیام کو برداشت نہیں کریں گے،انہوں نے کہا کہ عراق اور افغانستان میں تمام عالمی طاقتوں کو اس بات کا اندازہ ہو گیا ہو گا کہ لوگ غیر ملکیوں کی موجودگی کے مخالف ہیں اور کسی بھی غیر ملکی فوج کیلئے اس خطے میں مستحکم اڈے قائم کرنا ممکن نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اب دنیا کی کوئی طاقت ایران کے خلاف جارحیت کی جرات نہیں کرسکتی ، انہوں نے ایران عراق جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں شیطانی قوتوں نے عراق کو ہر طرح کے مہلک اسلحہ سے لیس کیا۔ایران کے خلاف کیمیاوی ہتھیار استعمال کئے گئے،اس جنگ میں دونوں جانب کے کم و بیش 10 لاکھ افراد ہلاک ہوئے،لیکن شکست شیطانی طاقتوں کے ماتھے پر لکھ دی گئی،اس موقع پر فوجی پریڈ میں ایرانی فوج کے ٹرکوں پر اسرائیل مردہ باد اور امریکہ مردہ باد کے نعروں پر مبنی بینر لگے دیکھے گئے ۔ ہزاروں فوجیوں نے پریڈ میں حصہ لیا اور ایران کے تیار کردہ طویل اور درمیانہ فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور ایران میں تیار کردہ لڑاکا طیاروں کی نمائش بھی کی گئی ۔ دوسری جانب اسرائیل نے ایک دفعہ پھر دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی پروگرام ختم نہیں کیا تو اس پر حملے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ ادھر ایک یہودی سفارتکار نے بتایا ہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے مندوبین کو ایرانی صدر کی تقریر کا بائیکاٹ کرنے اور ان کی تقریر کے دوران اپنے چیمبر میں موجود نہ رہنے پر قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔


خبر کا کوڈ : 12018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش