0
Friday 23 Dec 2011 00:34

بھارتی حکومت کی طرز پر پاکستانی حکومت بھی عوام کو سبسڈیز فراہم کرے، ناصر علی شاہ

بھارتی حکومت کی طرز پر پاکستانی حکومت بھی عوام کو سبسڈیز فراہم کرے، ناصر علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ ممبر قومی اسمبلی سید ناصر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں غربت کی وجہ سے لوگ مر رہے ہیں، خودکشیاں کر رہے ہیں، حکومت کو بھی ہندوستان کی طرز پر عوامی مسائل میں کمی لانے کیلئے سبسڈیز دینی چاہیئے، جس سے براہ راست غریب طبقے کا بھلا ہو۔ انہو‌ں نے کہا کہ بھارتی کابینہ نے نیشنل فوڈ سکیورٹی بل کی منظوری دیدی ہے، جس سے ملک کی 63 فیصد غریب آبادی کو خوراک کے حوالے سے مکمل طور پر تحفظ مل جائے گا۔ 6 فیصد آبادی کو چاول صرف 3 روپے اور آٹا 2 روپے کلو ملے گا۔ دیگر اجناس 1 روپے کلو میں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کہاں ہیں ہمارے وہ عوامی نمائندے جو صرف پیڑول کی قیمت میں ہمارے عوام کو ہندوستان کی مثالیں دیتے نہیں تھکتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز عطاءاللہ مینگل سے نواز شریف کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ یقینی طور پر پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو بلوچستان کے عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے حوالے سے کردار ادا کرنا چاہیئے۔ 

بلوچستان کے عوام بھی پاکستانی ہیں، جب ہندوستان سے بات چیت ہو سکتی ہے تو کیا وجہ ہے کہ بلوچستانیوں سے بات نہیں ہو سکتی۔ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ 6 دہائیوں کے گزرنے کے باوجود آج بھی بلوچستان کو پاکستانی ہونے کا درجہ نہیں دیا جا رہا ہے۔ ہم نے بھی اس سے پہلے بارہا کہا ہے کہ خدا کیلئے اگر پاکستان کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں تو بلوچستان کے مسئلے کو حل کریں۔
سید ناصر علی شاہ نے کہا کہ نواب اکبربگٹی کی شہادت نے پوری بلوچستانی عوام کے دل و دماغ پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں، یقیناً یہ غم بہت بڑا ہے اگر حکومت چاہتی ہے کہ وقت کا مسیحا بن جائے تو پہلے نواب بگٹی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا ‌دے اور پھر بلوچستان کے تمام طبقوں سے فوری بات چیت کا آغاز ہو۔ بلوچستان اگرخوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 124408
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش