0
Tuesday 3 Jan 2012 20:29

راولپنڈی، اسلام آباد میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال آج دوسرے دن بھی جاری

راولپنڈی، اسلام آباد میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال آج دوسرے دن بھی جاری
اسلام ٹائمز۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافے اور گیس کی بندش کیخلاف آج دوسرے روز بھی ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ بیشتر لوگ دفاتر نہیں پہنچ سکے۔ فیض آباد میں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے مری روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس وے بلاک کر دی۔ مسلسل چھ روز سے گیس کی بندش اور قیمتوں میں اضافے کیخلاف ٹرانسپورٹرز دو روز سے ہڑتال پر ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام ہونے کی وجہ شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ خاص طور پر اسکولوں کے طلباء اور دفاتر جانے والے افراد کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اکثر لوگ دفاتر نہیں پہنچ سکے جس کی وجہ سے سرکاری و نجی دفاتر میں حاضری انتہائی کم ہے۔ رکشے اور ٹیکسی مالکان پریشان حال لوگوں سے منہ مانگے کرائے وصول کر رہے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق گاڑیوں پر حملے کئے گئے جس کے باعث شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ 6 روز سے سی این جی کی بندش اور ٹرانسپورٹرز کی دوسرے دن میں داخل ہونیوالی ہڑتال کے باعث شہریوں کے مسائل مزید گھمبیر ہو گئے ہیں۔ صبح سے ویگن اسٹاپس پر رش لگا رہا، تاہم دن کے آغاز پر اکا دکا ٹرانسپورٹ چلتی رہی لیکن اس سے رش میں کمی نہ آ سکی اور ٹرانسپورٹرز منہ مانگے کرائے بھی وصول کرتے رہے۔ تاہم بعدمیں ہڑتالی ٹرانسپورٹرز نے گاڑیوں کو روکنا شروع کر دیا اور مری روڈ کے کئی مقامات پر ڈنڈا برداروں نے بھی پبلک ٹرانسپورٹ پر حملہ کیا۔ 

مظاہرین نے فیض آباد کے قریب سڑک کو بند کر کے عام شہریوں کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ فیض آباد پل اور مری روڈ پر ڈنڈا بردار مظاہرین نے گاڑیوں میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ طلباء بھی ٹرانسپورٹرز کے احتجاج میں شامل ہو گئے ہیں۔ مظاہرین نے مری روڈ پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔ احتجاج کے باعث اسلام آباد آنے والی شاہراہ بھی بند ہے۔ انہوں نے پولیس پر پتھراوٴ کرکے اسلام آباد داخل ہونے کی کوشش کی، اس موقع پر ہوائی فائرنگ بھی ہوئی۔ دیگر مقامات میں ہڑتال کرنے والے ٹرانسپورٹرز نے جھنگ باہتر موڑ کے قریب جی ٹی روڈ کو بند کر دیا۔ اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں مظاہرین نے شاہراہ کشمیر پر احتجاج کیا تاہم پولیس نے 16 طالبعلموں کو تھانے بھیج دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے مظاہرین کو کسی صورت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث اسلام آباد کے نجی اسکول بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ ڈپلومیٹک انکلیو اور مضافاتی علاقوں کے اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں توسیع کر دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ : 127356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش