0
Tuesday 3 Jan 2012 07:18

صنعتوں کو گیس بحال نہ کی گئی تو سول نافرمانی کی تحریک چلائیں گے، پنجاب ایوان صنعت و تجارت

صنعتوں کو گیس بحال نہ کی گئی تو سول نافرمانی کی تحریک چلائیں گے، پنجاب ایوان صنعت و تجارت
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر تجارتی تنظیموں کے عہدیداروں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک اجلاس کے دوران دھمکی دی ہے کہ اگر امتیازی سلوک ختم کرتے ہوئے پنجاب کی صنعتوں کو فوری طور پر گیس بحال نہ کی گئی تو سول نافرمانی کی تحریک چلائی جائے گی۔ 

لاہور چیمبر میں پنجاب کے چیمبرز کے عہدیداروں کا یہ اجلاس پنجاب کی صنعتوں کو گیس کی سپلائی معطل کرنے کے خلاف مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان قیصر شیخ، سینئر نائب صدر کاشف یونس مہر اور نائب صدر سعیدہ نذر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ گیس کی فراہمی بند ہونے کی وجہ سے پنجاب میں صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بہت بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صرف پنجاب کو نشانہ بنانے کے بجائے دستیاب گیس چاروں صوبوں میں یکساں تقسیم کرے۔ 

اجلاس کے شرکاء نے گورنر ہاﺅس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ گیس کی سپلائی بحال نہ ہونے کی صورت میں سات جنوری کو وزیراعظم سید یوسف گیلانی کی لاہور میں واقع رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو سول نافرمانی کی تحریک چلائی جائے گی۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ صنعتوں کو گیس کی بندش کی وجہ سے صوبے کے بے شمار صنعتی یونٹس بند اور لاکھوں صنعتی ورکرز بے روزگار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو بجلی کی بھاری لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے اور دوسری طرف صنعتوں کی گیس بند کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے پیداواری عمل منجمد ہو گیا ہے۔
 
اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ وہ محب وطن ہیں اور گیس کی قلت کا بوجھ تقسیم کرنے کے حق میں ہیں۔ صرف پنجاب پر ہی گیس کی قلت کا تمام بوجھ نہ ڈالا جائے۔ فیصل آباد چیمبر  آف کامرس کے صدر مزمل سلطان نے کہا کہ فیصل آباد کی پاور لومز میں پانچ لاکھ ورکرز ملازم ہیں لیکن یہ پاور لومز دن میں صرف آٹھ گھنٹے کام کر رہی ہیں جس کی وجہ سے تین لاکھ صنعتی ورکرز بیکار ہو گئے ہیں۔ ملک کی تمام ٹیکسٹائل پراسیسنگ انڈسٹری فیصل آباد میں واقع ہے جو بغیر گیس کے کام نہیں کرسکتی۔ 

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر نعیم انور قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سیالکوٹ کی صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند کردی ہے جو 100 فیصد ایکسپورٹ سے وابستہ ہیں۔ سیالکوٹ کے صنعتکاروں نے اپنے وسائل سے سیالکوٹ میں ایئرپورٹ، ڈرائی پورٹ اور سڑکیں تعمیر کیں لیکن حکومت نے انہیں سراہنے کی بجائے صنعتوں کی گیس بند کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے لیے گیس اور بجلی کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ 

لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پنجاب کی صنعتوں کو گیس کی سپلائی بحال کرانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ناقابلِ فہم ہے کہ ملک کے ایک حصے کو گیس کی سپلائی جاری ہے جبکہ دوسرے کو بالکل بند کر دی گئی ہے۔ گوجرانوالہ چیمبر کے نائب صدر مہر صلاح الدین، گجرات چیمبر کے صدر مرزا محمد مشتاق، وومن چیمبر کی صدر کوکب پروین، ساہیوال چیمبر کے صدر وسیم اختر، رحیم یار خان چیمبر کے صدر مظفر سلیم چودھری، شیخوپورہ چیمبر کے سابق صدر منظور ملک، راولپنڈی چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن ظفر جمیل، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اظہر مجید شیخ، لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں انجم نثار، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالباسط، پی ایچ ایم اے کے سابق چیئرمین شہزاد اعظم خان، افتخار بشیر، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین شیخ محمد ایوب، انجمن تاجران کے اشرف بھٹی اور خالد پرویز نے بھی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 127147
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش