0
Friday 13 Jan 2012 19:54

امریکہ پاکستان میں انقلاب نظام مصطفی کا راستہ روکنے کے لیے نیا کھیل کھیل رہا ہے،صاحبزادہ فضل کریم

امریکہ پاکستان میں انقلاب نظام مصطفی کا راستہ روکنے کے لیے نیا کھیل کھیل رہا ہے،صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم فریدیہ عربیہ تعلیم القرآن سبزہ زار لاہور میں صوفی فیض رسول رضوی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکہ سے پیسے لینے کے بے بنیاد الزام کے تمام حقائق ثبوتوں کے ساتھ حاصل کر لیے ہیں اور پیر محمد افضل قادری کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن نے اپنی رپورٹ مکمل کر لی ہے۔ 15 جنوری کو پریس کانفرنس میں اصل سچ قوم کے سامنے لائیں گے اور اس الزام کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کی ساکھ کو تباہ کرنے کے لیے گہری سازش تیار کی گئی ہے جس کے سارے کردار 15 جنوری کو بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سامراج دشمنی ہمارے خون میں شامل ہے، کوئی طاقت ہمیں خرید نہیں سکتی کیونکہ ہم دربار مصطفی میں بکے ہوئے لوگ ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے مقبول مذہبی جماعتوں کو بدنام کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کا دو ٹوک موقف تھا اور ہے کہ پاکستان میں انتہاپسندی، تخریب کاری اور دہشت گردی امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، امریکہ پاکستان میں انقلاب نظام مصطفی کا راستہ روکنے کے لیے نیا کھیل کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات ذمہ دارانہ کردار کا تقاضا کر رہے ہیں، اس لیے تمام قومی رہنما سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غلط فہمیوں اور اداروں کے ٹکراؤ کی چنگاری پر تیل ڈالنے کی بجائے پانی ڈالیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بیرونی سازشوں کے توڑ کے لیے داخلی انتشار کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، اس لیے فوج کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ تمام قومی رہنما سیاسی کشمکش کو اداروں کی محاذ آرائی میں تبدیل نہ کریں اور اشتعال کی بجائے اعتدال کا راستہ اختیار کریں۔ استقبالیہ میں پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، مولانا منظور عالم سیالوی، محمد نواز کھرل، مفتی محمد نعیم، ملک احمد خان بھچر، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں غلام مصطفی اور دوسرے علماء نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 130010
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش