0
Friday 27 Jan 2012 01:58

فوج جمہوریت کی حامی، قبل از وقت انتخابات کی ضرورت نہیں، وزیراعظم گیلانی

فوج جمہوریت کی حامی، قبل از وقت انتخابات کی ضرورت نہیں، وزیراعظم گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت ہر کام آئین کے مطابق کر رہی ہے، عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، پاکستان میں فوجی بغاوت کی خبریں بے بنیاد ہیں، قبل از وقت انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈاوس میں برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، فوج جمہوریت کے حق میں ہے اور قبل از وقت انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے فوج اور عدلیہ سے کوئی اختلافات نہیں بلکہ تمام اداروں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ فوج کی جانب سے اقتدار پر قبضے اور اداروں میں تصادم کی باتیں بے بنیاد ہیں۔
 
توہین عدالت کیس کے بارے میں سوال پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔ سزا دینا یا نہ دینا عدلیہ کے ہاتھ میں ہے۔ میمو کیس میں جس نے غلطی کی، انہوں نے اسے برطرف کر دیا۔ امریکہ سے تعلقات کے بارے میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہ امریکہ کیساتھ باہمی احترام اور برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں لیکن خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا تمام معاملات پر مکمل کنٹرول ہے۔ اتحادی حکومت کو دو تہائی اکثریت حاصل ہے اور آئین کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں قبل ازوقت انتخابات کی ضرورت نہیں، اداروں میں ٹکراؤ کا تاثر دینے والے شخص کو فارغ کر دیا۔ فوج کے اقتدار پر قبضے کی خبریں غلط ہیں۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں غیرملکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ عدالت گنہگار ثابت کر کے جیل بھیجے گی۔ پاکستان میں نظر بند ججز کو میرے ہی حکم پر رہا کیا گیا تھا۔ اگرعدالت نے مجھے دوبارہ بلایا تو پیش ہونا میرا فرض ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں اور انتخابات وقت پر ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ غیر مشروط تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں اور کسی کو اپنی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 133385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش