0
Friday 17 Feb 2012 17:15

امریکہ پاکستان کے معاملات میں مداخلت سے باز رہے، طاہر اقبال چشتی

امریکہ پاکستان کے معاملات میں مداخلت سے باز رہے، طاہر اقبال چشتی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک (PST) کے رہنما علامہ طاہر اقبال چشتی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے امریکی دباؤ یا ہمدردی کی کوئی ضرورت نہیں۔ شمالی وزیرستان میں ڈرون حملوں پر حکومتی خاموشی افسوسناک ہے۔ بلوچستان بنگلہ دیش کی صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے، حکومت بلوچوں میں پائی جانے والی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے۔ بلوچستان کے مسئلے پر وزیر اعظم کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس بلانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اس کانفرنس میں پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کے علاوہ سیاسی قوت رکھنے والی تمام جماعتوں کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہڑ ہڑپال کے سالانہ مرکزی میلاد جلوس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے امریکی کانگریس میں بلوچستان کے مسئلے پر گفتگو کو پاکستان کی خودمختاری میں مداخلت کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی دلچسپی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ امریکہ پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے۔ اس موقع پر ملک عبدالرؤف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند گھنٹوں میں منظور کی جانے والی 20ویں ترمیم کیلئے تو اپوزیشن اور حکومت ایک ہو جاتی ہیں مگر ملک کے 90 فیصد غریب عوام کے مسائل پر کوئی متحد نہیں ہوتا۔ مفتی سرفراز چشتی نے کہا کہ امریکہ نے کانگریس کمیٹی میں بلوچستان پر بحث کر کے اگلے ہدف کا اشارہ دے دیا ہے۔ 

صاحبزادہ شاہد منصور چشتی نے کہا کہ بلوچستان میں تشدد کے واقعات، ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکے، مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی یہ سب کچھ امریکی عزائم کیلئے راہ ہموار کر رہا ہے جسے روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے۔ پیر محمد قاسم سیفی نے کہا کہ طاقت کے استعمال کی بجائے بلوچستان کے عوام سے ڈائیلاگ اور سیاسی طریقے سے مسئلے کو حل کرنے کی جانب بڑھا جائے۔ صاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی سلامتی و خود مختاری کیلئے خطرہ اور پریشانی کا باعث بن رہا ہے حکمران اور ملکی سلامتی کے ادارے امریکی دھمکیوں اور سازشوں کا نوٹس لیں۔ ملک کی 18کروڑ عوام ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے یکجا ہیں۔ 

جلوس میں علماء، مشائخ اور واعظین کی کثیر تعداد کے علاوہ نعت خوان پارٹیوں اور ممتاز سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی بھرپور شرکت کی اس موقع پر نعت خوان پارٹیوں میں ٹرافیاں اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے جبکہ پاکستان سنی تحریک کے رضا کاروں نے جلوس کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔
خبر کا کوڈ : 138482
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش