0
Sunday 19 Feb 2012 10:02

نگہبانِ رسالتؐ حضرت ابو طالبؑ کا یوم وفات آج مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جارہا ہے

نگہبانِ رسالتؐ حضرت ابو طالبؑ کا یوم وفات آج مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جارہا ہے
اسلام ٹائمز۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق عالمگیر ایام الحزن کے اختتام پر اتوار کو محسن اسلام مربی رسول ص حضرت ابو طالب علیہ السلام کا یوم وفات دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا۔ اس موقع پر امام بارگاہوں اور عزاخانوں میں مجالس عزا ہونگی اور تابوت کے جلوس برآمد کئے جائے گے۔ علماء کرام اور واعظین و ذاکرین سرکار ابو طالب کی حیات طیبہ کو اجاگر کریں گے۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں بھی مختلف مذہبی تنظیموں اور دینی اداروں کے زیر اہتمام ایام الحزن کے اختتامی روز مجالس و ماتمداری کے پروگراموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ہیت طلبائے اسلامیہ کے زیر اہتمام اتوار کو عزا خانہ معصومہ قم ؑ راولپنڈی میں ایام الحزن کی مرکزی مجلس ہوگی۔ ٹی این ایف جے کی ریجنل کونسل کے اعلان کے مطابق وفات حضرت ابو طالبؑ کے سلسلے میں دربار عالیہ سخی شاہ پیارا کاظمی المشہدی چوہڑ ہڑپال راولپنڈی میں اتوار کو بعد از نماز مغربین مجلس عزا ہو گی جس سے علامہ آغا علی حسین نجفی، علامہ ناصر عباس، علامہ سید قمر حیدر زیدی، علامہ سید مطلوب حسین تقی اور دیگر مقررین خطاب کریں گے بعد ازاں ماتمداری کی جائیگی۔ مرکزی امام بارگاہ جامعہ المرتضیٰ جی نائن فور اسلام آباد میں اتوار کو ساڑھے دس بجے دن خواتین کی مرکزی مجلس عزا ہو گی جس سے خطیبہ آل زہرا، ذاکرہ ظاہرہ بلقیس، ذاکرہ نواب زہرااور دیگر ذاکرات خطاب کریں گی مجلس کے اختتام پر تابوت حضرت ابو طالب ؑ برآمد ہوگا۔

درایں اثناء عالمگیر ایام الحزن کی مجالس ہفتے کو بھی جاری رہی۔ انجمن دخترانِ اسلام اور ام البنین ڈبلیو ایف کے زیر اہتمام مرکزی امامبارگاہ جامعہ المرتضیٰ میں مجلس عزا منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے خطیبہ اہلبیت خانم قمر زہرا نقوی فاضلہ قم نے کہا کہ حضرت عبدالمطلب کے بعد خانوادہِ رسالت ؐ کے سید و سردار حضرت ابوطالب ؑ تھے جنہیں نہ صرف حضور ؐ کی تربیت کا شرف حاصل ہوا بلکہ آپ نے ہر مقام پر حضور ؐ کا تحفظ کر کے اُس دور کے طاغوت کی ہر سازش و شرارت کو جس دلیری، ہمت اور بہادری سے ناکام کیا وہ آج دنیائے مظلومیت کیلئے مشعلِ راہ اور شیطانی قوتوں سے نمٹنے کا بہترین عملی نمونہ ہے مجلس سے ڈاکٹرخانم زہراگل، شاعرہ اختر نقوی اور ذاکرہ شہر بانو نقوی نے بھی خطاب کیا۔ 

اختتام مجلس پرشبیہ تابوت حضرت ابوطالب ؑ برآمد ہوا اور ماتمداری کی گئی۔ ذاکر ساجد علی ساجد کے زیر اہتما م مرکزی امام بارگاہ سر پاک میں عالمگیر ایام الحزن کی مجلس عزاسے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمرحیدر زیدی نے کہا کہ استعمار کے معاشی ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کیلئے شعب ابی طالب ؑ کی اقتصادی حکمت عملی اور مجاہدین اسلام کا جذبہ ایمانی قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہا کہ تاریخ اسلام کی ہر کتاب میں اس حقیقت کا برملا اعتراف کیا گیا ہے کہ رسولؐ خدا کی کفالت و مدد حضرت ابو طالبؑ نے کی، صرف یہی نہیں بلکہ حضور ؐ اکرم کے نکاح خواں ہونے کا شرف بھی ابو طالب ؑ کو حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حضرت ابو طالبؑ نہ ہوتے تو آج نہ اسلام ہوتا نہ مسلمانوں کی مسلمانی ہوتی۔
 
تمام باضمیر انسان حضرت ابو طالب ؑ کے احسانات کے مقروض ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے متعصب ترین مورخین تک نے اقرارکیا ہے کہ جب کفارِ قریش کے وفد نے ختمی مرتبت ؐ کو دھمکی دی اورحضرت ابوطالب ؑ نے آپ کو صورتحال سے آگاہ کیا تو ختمی مرتبت ؐ نے فرمایا کہ اے چچاان کافروں سے کہہ دیں کہ اگر یہ میرے داہنے ہاتھ پر آفتاب اور بائیں ہاتھ پر مہتاب بھی لا کر رکھ دیں اور مجھ سے مطالبہ کہیں کہ میں اشاعت اسلام نہ کروں تو خدا کی قسم میں اس مشن سے باز نہیں آؤں گا جس پر مامور کیا گیا ہوں۔ آپؐ کے چچا ابوطالب ؑ نے جب آپؐ کا یہ عزم مصمم دیکھا تو فرمایا کہ جاؤ پورے شوق سے اپنے مشن کو جاری رکھو۔ میرے ہوتے ہوئے کوئی آپؐ کو گزند نہیں پہنچا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 138901
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش