0
Tuesday 28 Feb 2012 22:56

ایم ڈبلیو ایم کا کوہستان واقعہ پر 10 روزہ سوگ اور جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان

ایم ڈبلیو ایم کا کوہستان واقعہ پر 10 روزہ سوگ اور جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کوہستان کے علاقے میں بس پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سکیورٹی فورسز کی مکمل ناکامی قرار دیا ہے۔ مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مکتب تشیع کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت اور سکیورٹی فورسز بری طرح ناکام ہو چکی ہیں، ایسا نہ ہو کہ ہمیں مجبوراً جی ایچ کیو کے سامنے دھرنا دینا پڑے، اگر ایسا ہوا تو یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک شیعیان علی ع کی نسل کشی بند نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت جانے والی بس پر فائرنگ پورے خطے کو آگ میں جھونکنے کے مترادف ہے، دہشتگرد امریکی سی آئی اے اور موساد کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، انہیں مسلمانوں کے قتل عام کا ٹاسک دیا گیا ہے، دوسری جانب حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی ان دہشتگردوں کو ہی سپورٹ کر رہے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کراچی، کوئٹہ، پشاور، پارا چنار، ڈی آئی خان اور گلگت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام پر آزاد عدلیہ کی معنی خیز خاموشی افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں بم دھماکوں، فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے ہزاروں شیعوں کو قتل کیا جا چکا ہے اور آج تک کسی دہشتگرد کو گرفتار کر کے سزا نہیں دی گئی اور دکھاوے کے لئے کسی کو گرفتار بھی کیا گیا تو بعد میں عدالت سے اس دہشتگرد کو باعزت بری کر دیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ تماشہ آخر کب تک چلے گا؟ علامہ امین شہیدی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ شیعوں کے قتل عام اور ٹارگٹ کلنگ کا ازخود نوٹس لیں۔ علامہ امین شہیدی نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی، انہوں نے دہشتگردی کے اس واقعے پر دس روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 141602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش