0
Monday 5 Mar 2012 22:26

وادی کے دلکش مقامات سیاحتی صنعت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں

وادی کے دلکش مقامات سیاحتی صنعت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں
اسلام ٹائمز۔ مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد نے ”دلکش مقامات کو سیاحتی صنعت کیلئے ریڑھ کی ہڈی “ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ”باغ گل لالہ “ کو توسیع دینے کا منصوبہ سرکار کے زیر غور ہے جس کو مستقبل قریب میں روبہ عمل لایا جائے گا۔ مسٹر آزاد نے سرینگر میں دو روز تک قیام کے دوران پارٹی سے وابستہ کئی وزراء اور لیڈران کے ساتھ حکومتی کارکردگی اور اہم تنظیمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی سرینگر کا ہنگامی دورہ کر کے برفباری اور بارشوں کی وجہ سے وادی میں پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُدھر پردیش کانگریس کے صدر پروفیسر سیف الدین سوز بھی اتوار کے روز سرینگر پہنچے۔ 

کشمیر نیوز سروس کے مطابق ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد نے وادی کا دو روزہ دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے ”باغ گل لالہ “ کا جائزہ لینے کے علاوہ کانگریس سے وابستہ نائب وزیراعلیٰ تارا چند، پی ایچ ای کے وزیر تاج محی الدین اور پارٹی کے دیگر لیڈران بشمول سابق وزیر جی ایم سروری کے ساتھ تنظیمی اور حکومتی معاملات پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ معلوم ہوا کہ مسٹر آزاد جمعہ کے روز تین روزہ دورہ پر وادی وارد ہوئے تھے اور یہاں پہنچنے کے بعد انہوں نے سنیچر کے روز اپنے دور میں قائم کردہ باغ ”گل لالہ “ کا دورہ بھی کیا۔ 

مسٹر آزاد نے یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ باغ گل لالہ کو مزید توسیع دینے کا منصوبہ زیرغور ہے اور اس سلسلے میں حکومتی اور محکمانہ سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ غلام نبی آزاد نے بتایا کہ کشمیر کا باغ گل لالہ دنیا کے ایسے باغات میں منفرد مقام رکھتا ہے کیونکہ یہ باغ قدرتی حسن و جمال کے بطن میں واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار اس باغ کو مزید توسیع دینے پر کام کر رہی ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے کہ باغ گل لالہ کو کس طرح سے توسیع دی جا سکتی ہے۔ 
  
مسٹر آزاد نے مزید کہا کہ باغ گل لالہ حالیہ برسوں میں ملکی و بیرون ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے کیونکہ اس باغ کے مارچ میں ہی کھولے جانے کے نتیجے میں وادی میں سیاحتی سیزن اب کئی ماہ قبل ہی شروع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باغ گل لالہ جیسے دلکش مقامات کو توسیع دینے سے ریاست کی سیاحتی صنعت کو مزید وسعت ملے گی جس کا فائدہ اس صنعت سے جڑے مختلف طبقوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی پہنچے گا۔

کے این ایس کے مطابق کچھ وقت باغ گل لالہ میں گذارنے کے بعد مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد نہرﺅ گیسٹ ہاوس پہنچے جہاں انہوں نے رات بھر قیام کیا۔ اتوار کے روز ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ تارا چند، کانگریس سے وابستہ ریاستی وزیر تاج محی الدین اور اسی پارٹی سے وابستہ سابق وزیر جی ایم سروری کے علاوہ پردیش کانگریس کے دیگر کئی لیڈروں اور سرگرم کارکنوں نے بھی نہرﺅ گیسٹ ہاوس آکر غلام نبی آزاد کے ساتھ ملاقات کی جس کے دوران تنظیمی معاملات اور حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے ان ملاقاتوں کے حوالے سے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر آزاد اور ریاستی وزراء و کانگریس لیڈران کے درمیان ہونے والی میٹنگوں کے دوران نیشنل کانفرنس اور کانگریس پر مشتمل مخلوط سرکار کی کارکردگی اور سرکار میں شامل دونوں جماعتوں کے مابین مختلف معاملات پر پائے جانے والے تال میل یا اختلاف رائے پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ 

معلوم ہوا کہ غلام نبی آزاد نے اپنی پارٹی سے وابستہ ریاستی وزراء اور لیڈران پر زور دیا کہ وہ ریاست میں برسر اقتدار مخلوط سرکار کو مضبوط بنانے میں اپنا رول صدق دلی کے ساتھ نبھاتے رہیں۔ انہوں نے کانگریس لیڈران اور وزراء کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ مرکزی سرکار ریاست میں تعمیراتی، ترقیاتی اور فلاحی پروجیکٹوں و اسکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے ریاستی سرکار کو ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ مرکزی سطح پر چند ہنگامی مصروفیات کی وجہ سے غلام نبی آزاد کو اپنا دورہ وادی مختصر کر کے اتوار کے روز سرینگر سے واپس دلی روانہ ہونا پڑا۔ 

اطلاعات کے مطابق اسی دوران وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ایک رات سرینگر میں قیام کیا جس کے دوران انہوں نے وادی میں رواں موسم سرما اور اُوپری علاقوں میں برفباری کے نتیجے میں پیدا ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔ معلوم ہوا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے متعلقہ حکام خاص طور پر صوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ برف زدہ علاقوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھے اور جن علاقوں میں برفانی تودوں کا خطرہ لاحق ہے وہاں کے لوگوں کو کسی بھی طرح کے جانی یا مالی نقصان سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ سرینگر وارد ہونے کے بعد وزیراعلیٰ نے اپنی رہائش گاہ واقع گپکار روڑ میں رات بھر قیام کیا اور اتوار کے روز موصوف واپس جموں روانہ ہو گئے۔ اسی بیچ مخلوط سرکار میں شامل جماعت کانگریس کے ریاستی صدر پروفیسر سیف الدین سوز بھی اتوار کے روز سرینگر پہنچے جبکہ سوموار کے روز پروفیسر سوز بارہمولہ کا دورہ کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 143125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش