0
Friday 9 Mar 2012 20:58

انتہاپسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں، ڈاکٹر طاہر القادری

انتہاپسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں، ڈاکٹر طاہر القادری
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست گجرات کے شہر ’’کچھ‘‘ میں تحریک منہاج القرآن انڈیا کے زیراہتمام ہونے والی میلاد مصطفی ص کانفرنس میں شریک لاکھوں عشاق مصطفی ص کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ اسلام دین امن و سلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین ہند میں ہونے والی میلاد مصطفی ص کانفرنس میں شریک لاکھوں مسلمانوں کو نبی ص کی محبت کھینچ لائی ہے اور یہ سب دنیا کو محبت و امن و سلامتی کا پیغام دینے کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس دل میں نبی کریم ص کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔ امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ ذات سے تعلق مضبوط ہو گا تو آپ ص کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔ باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور ص کا ادب سیکھنا ہو گا۔ حضور ص کے ادب سے عاجزی اور انکساری آئے گی اور معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلے گی اور جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہو جائے اس جسم سے دوسرے کیلئے سلامتی اور محبت کے رویے ہی پھوٹ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امت کو نعمت اسلام اور معرفت الٰہی مصطفی ص کے میلاد کے صدقہ نصیب ہوئی اور پورا قرآن حضور ص کے اخلاق اور سیرت پر اعلٰی کتاب ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ محبت اور ادب ایمان کی متاع ہے آج داخلی اور خارجی قیام امن کیلئے محنت کی ضرورت ہے۔ امن کی دنیا کو نبی کریم ص کی محبت سے سیراب کرنا ہو گا۔ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول ص سے اجالا کر لیا جائے تو امت کا ہر فرد اپنے اپنے ملک میں امن و سلامتی بکھیرنے والا بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مخلوق آقا کا میلاد منانے کا حق ادا نہیں کر سکتی، کیونکہ نبی کریم ص کا میلاد خود اللہ نے منایا ہے۔ اس لئے ہمیں اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر آقا ص کی ولادت کی خوشی منانی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 144236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش