0
Sunday 11 Mar 2012 18:45

عسکری اداروں پر تنقید کرنے والے سی آئی اے، موساد اور را کی مدد کر رہے ہیں، فضل کریم

عسکری اداروں پر تنقید کرنے والے سی آئی اے، موساد اور را کی مدد کر رہے ہیں، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ گلبرگ میں سنی اتحاد کونسل ٹریڈرز ونگ کے چیئرمین شیخ اظہر سہیل کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر طرف جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا راج ہے، پاکستانی جمہوریت غریبوں پر امیروں کی حکومت کا نام ہے، حرام کی کمائی والوں نے جمہوریت کو فراڈ بنا دیا ہے، حقیقی جمہوریت کے لیے پاکستانی سیاست میں پیسے کا کھیل ختم کرنا ہو گا، نیٹو سپلائی بحال کر کے شکست خوردہ امریکہ کو آکسیجن فراہم نہ کی جائے، پارلیمنٹ نیٹو سپلائی بحال کرنے کی تجویز مسترد کر کے غیرت اور جرأت کا مظاہرہ کرے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخ بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں اور لوڈشیڈنگ دردِ سر بن گئی ہے جس کی وجہ سے کاروبار تباہ ہو گئے ہیں، حکومت بجلی کے بحران سے نجات کے لیے ڈیموں کی تعمیر اور توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دے اور حکومتی عیاشیاں کم کر کے بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کو ادائیگی کی جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بھارت پاکستان کا کھلا دشمن اور امریکہ دوستی کے پردے میں مسلسل دشمنی کر رہا ہے، بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا فیصلہ انتہائی ناپسندیدہ ہے۔ سنی اتحاد کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن فیشن بن گئی ہے اور کرپشن، ٹیکس چوری اور خراب طرز حکمرانی کی وجہ سے ملک کو 8500 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے لیکن لوٹ مار کرنے والوں کے محاسبے کا کوئی نظام موجود نہیں ۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ حکومتی محکموں اور اداروں میں اوپر سے نیچے تک بدنظمی، بدعنوانی، نااہلی، کام چوری اور لوٹ مار کا چلن عام ہے، حکومتی ٹھیکوں میں کمیشن کی وباء پہلے سے بڑھ چکی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں دہشت گردی کے ذریعے دباؤ ڈال کر اپنی بات منوانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کی اکثریت بیرونی قوتوں کی مدد سے بلوچستان کو توڑنے کے منصوبے کی حامی نہیں ۔ بلوچستان میں ناراضگیاں ضرور ہیں لیکن بلوچستان کے لوگ ملکی یکجہتی اور سا لمیت پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری ایوان صدر سے نکل کر کچھ دن بلوچستان میں قیام کریں اور ملک سے باہر بیٹھے ناراض بلوچ رہنماؤں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کوششیں تیز کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاک فوج اور عسکری اداروں پر تنقید کرنے والے سی آئی اے، موساد اور را کی مدد کر رہے ہیں۔ استقبالیہ میں لاہور کی مختلف مارکیٹوں سے تاجر نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرتاجررہنما شیخ اظہرسہیل نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کی پالیسیوں کے حوالے سے تاجر برادری میں بھی شعور اجاگر کیا جا رہا ہے اور بہت جلد لاہور کے تاجروں کا ایک کنونشن بلایا جائے گا جس میں تاجر رہنما سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ 

خبر کا کوڈ : 144775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش