0
Saturday 10 Mar 2012 18:01

بلوچستان سے کوہستان تک ملک جل رہا ہے، حکمران اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں، فضل کریم

بلوچستان سے کوہستان تک ملک جل رہا ہے، حکمران اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان بلوچستان سے کوہستان تک جل رہا ہے اور حکمران اقتدار و اختیار کی جنگ میں مصروف ہیں، غریب عوام تذلیل اور توہین کا شکار اور اذیت و ذلت سے دوچار ہیں، اصغر خان کیس نے فائیو سٹار چوروں کو بے نقاب کر دیا ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو بلوچستان کے نام سے منسوب کیا جائے، بلوچستان ایشو کو عالمی حیثیت دینے کی بیرونی کوششوں کا سدباب ہونا چاہیے، پاکستانی پاسپورٹ پر امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا میں مقیم مٹھی بھر بلوچ باغیوں کی سرگرمیاں ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ 63 سال سے سیاسی ٹھگ عوام کی تقدیر کے مالک بنے ہوئے ہیں، عوام نے سیاست کے فرعونوں کو دریا برد نہ کیا تو خود برباد ہو جائیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ مرکز اور صوبوں کے حکمران عوام کا پیسہ ذاتی اور جماعتی تشہیر پر خرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بیرونی آقاؤں کے اشارے پر عسکری اداروں کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہے ہیں تاکہ پاک فوج کو کمزور کر کے ایٹمی ذخائر پر قبضہ کیا جا سکے، لیکن محب وطن طبقات اس عالمی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امریکہ، بھارت سمیت کئی عالمی طاقتیں اپنے پنجے مضبوط کر چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی رہنما مسئلہ بلوچستان پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے شرطیں پیش کرنے کی بجائے ملکی سلامتی کے لیے متحد ہو جائیں کیونکہ یہ وقت سیاست بازی کا نہیں ملک بچانے کا ہے، اس لیے حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے آزاد بلوچستان کی عالمی سازش کو ناکام بنانے اور ملکی سلامتی کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو جانا چاہیے، اگر اب بھی حالات کی سنگینی کا احساس نہ کیا گیا تو پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل عوامی طاقت سے ظلم کا زور توڑے گی اور آئندہ الیکشن میں سدابہار حکمران اشرافیہ کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔

اجلاس میں طارق محبوب، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، پیر محمد اطہر القادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، محمد نواز کھرل، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، پیر ضیاء المصطفیٰ حقانی، مفتی محمد سعید رضوی، الحاج سرفراز تارڑ، ملک احمد خان بھچر، شیخ اظہر سہیل، میاں فہیم اختر، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں غلام مصطفی اور دوسرے رہنماؤں نے شرکت کی۔ 

خبر کا کوڈ : 144468
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش