0
Monday 19 Mar 2012 22:56

سرینگر، پیر جلال الدین پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، یاسین ملک

سرینگر، پیر جلال الدین پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک نے بٹہ مالو میں پیر جلال الدین پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ جانے کون سے دشمن اب اس صورت حال کو بدل کر یہاں مسلک کے نام پر فساد برپا کرنے کے درپے ہیں، لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے بٹہ مالو سرینگر کی ایک معروف روحانی و دینی شخصیت پیر جلال الدین کی عیادت کرنے کے بعد کہا ہے کہ جموں کشمیر میں مذہبی و مسلکی منافرت پھیلا کر یہاں انارکی پیدا کرنے والے ہاتھ ہماری اس مظلوم قوم کے ازلی و ابدی دشمن ہیں جبکہ اِن ہاتھوں کو بے نقاب کرنا اور اِنہیں کیفر کردار تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
 
ترجمان کے مطابق محمد یاسین ملک صورہ مڈیکل انسٹچوٹ گئے جہاں پیر جلال الدین زیر علاج ہیں، بیان کے مطابق پیر صاحب کو چند روز پہلے ہی کچھ نامعلوم لوگوں نے اپنے گھر میں گولیاں مار کر زخمی کیا تھا اور وہ ہنوز موت و حیات کی کشمکش میں ہیں، یاسین ملک نے پیر جلال الدین کی عیادت کی اور ان کے علاج پر مامور ڈاکٹر صاحبان سے اُن کی صورت حال کے بارے میں دریافت کیا، اس موقع پر یاسین ملک نے پیر جلال الدین پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علماء کو رسول کریم (ص) نے انبیاء علیہ السلام کے ورثاء کے طور پر پہچان دی ہے اور اگرہم اپنے نبی ص کے فرمود مبارکہ کی نفی کرتے ہوئے اپنے علماء کی بے قدری کرنا شروع کردیں تو اللہ کے غضب سے ہمیں کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔
 
محمد یاسین ملک نے کہا کہ اگر ہم نے بحیثیت قوم اس معاملے کی سنگینی کا اِدراک نہ کیا اور اس صورت حال کو فی الفور جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے میں پہل نہ کی تو وہ وقت دور نہیں ہوگا کہ جب ہماری ہر مسجد، ہر خانقاہ، ہر عالم اور ہر ذی عزت کا وجود خطرے میں پڑجائے گا، حریت رہنماء نے کہا کہ یہاں کی جملہ دینی و اسلامی جماعتوں اور حریت پسند جماعتوں نے اگر اس معاملے میں اپنی روایتی بے حسی کو فوراً ترک نہ کیا تو اللہ تعالیٰ، اسکے رسول (ص) اور یہ ملت انہیں کسی بھی صورت معاف نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ اس قوم کے افراد نے ہمیشہ اپنے اپنے مسلک کے ساتھ جڑے رہتے ہوئے دوسروں کے مسلک کے ساتھ چھیڑ خوانی نہ کرنے کا وطیرہ اپنایا ہے لیکن نہ جانے کون سے دشمن اب اس صورت حال کو بدل کر یہاں مسلک کے نام پر فساد برپا کرنے کے درپے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی یہاں کئی نامور علماء اور قائدین ایسی ہی سازشوں کا شکار ہو چکے ہیں لیکن اس بار پانی سر سے اوپر گزر چکا ہے، محمد یاسین ملک نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم و ملت ان دشمن ہاتھوں کو بے نقاب کرنا ہوگا تاکہ اس مظلوم قوم کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دینے کی ان سازشوں کو شکست دی جاسکے، انہوں نے مجروح پیر جلال الدین کی جلد اور مکمل صحت یابی کےلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے عوام الناس سے درد مندانہ اپیل کی کہ وہ پیر صاحب کی جلد اور مکمل صحت یابی کےلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دست بدعا رہیں۔
خبر کا کوڈ : 146846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش