0
Monday 26 Mar 2012 23:38

30 مارچ کا عظیم الشان جلسہ انقلاب ملتان کی تاریخ میں نیا باب رقم کریگا، وسیم اختر

30 مارچ کا عظیم الشان جلسہ انقلاب ملتان کی تاریخ میں نیا باب رقم کریگا، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت سلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے نیٹو سپلائی کی بحالی کی قرار داد منظور کی تو یہ قومی خود کشی ہو گی، عوام اسے برداشت نہیں کریں گے، محب وطن لوگ نیٹو سپلائی کے راستوں میں دھرنے دے کر بیٹھ جائیں اور دشمن کو اسلحہ فراہم کرنے کی حکومتی کوشش ناکام بنا دیں۔ حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا ڈرامہ نیٹو سپلائی بحال کرنے کے لیے رچا رہی ہے، موجودہ حکومت سے بڑھ کر کوئی کرپٹ نہیں ہوسکتا، لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور وہ ایک سال مزید مانگنے والوں کو ایک دن بھی دینے کو تیار نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف نیٹو سپلائی بحال کر کے ملکی سلامتی کو دائو پر لگا رہی ہے جبکہ دوسری طرف بلوچستان اور سندھ میں گھنائونا کھیل کھیلتے ہوئے پاکستان کی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ 

یہ بات انہوں نے دفتر جماعت اسلامی دارالسلام ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر رائو ظفر اقبال، پروفیسر افتخار چوہدری، ڈاکٹر اشرف علی عتیق، عارف سمرا، کنور محمد صدیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں بوری بند لاشوں کا سلسلہ تھم رہا ہے اور نہ ہی کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پر قابو پایا جا سکا ہے، جب حکمران خود مجرموں کی سرپرستی کر رہے ہوں اور بھتہ خوروں کو گود میں بٹھا رکھا ہو تو جرائم پر قابو کس طرح پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکسوں اور انتظامی اخرجات میں کمی کرے۔
 
انہوں نے کہا کہ بجلی کی طویل لوشیڈنگ نے صنعت و زراعت اور کاروبار کو تباہ کر دیا ہے، شوگر مل مافیا نے کسانوں کا بری طرح استحصال کیا ہے، وزیراعلی اس کا نوٹس لیں۔ انہوں نے نویں کلاس کے نصاب سے قرآنی ایات اور احادیث کو نکالنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اپیل کی کہ تبدیل ہونے والے نصاب کو بحال کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ 30 مارچ کو جماعت اسلامی ملتان کا عظیم الشان جلسہ انقلاب ضلع ملتان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔ جماعت اسلامی ملک بھر میں ضلع کی سطح پر بڑے بڑے جلسے کررہی ہے جس کا مقصد عوامی تائید حاصل کرکے نیک اور صالح قیادت عوام کے سامنے لانا ہے، انہوں نے ضلع ملتان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسہ میں شرکت کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 148348
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش