0
Tuesday 27 Mar 2012 23:43

توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جوہری ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے، وزیر اعظم

توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جوہری ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے، وزیر اعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں بات چیت کے ذریعے سٹریٹجک ضبط و تحمل اور اعتماد سازی پر کاربند ہے اور یہ عمل خطے میں سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہونا چاہیے، پاکستان کو توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلئے جوہری ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو پر امن مقاصد کیلئے غیر امتیازی بنیادوں پر جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی دی جائے۔ نیوکلیئر سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوہری مواد کی سلامتی و تحفظ کے حوالے سے ہمارے تحفظات ہمیں، مربوط قومی کاوشوں اور بین الاقوامی رابطوں کا روڈ میپ فراہم کرتے ہیں تاکہ جوہری سیکورٹی میں اضافہ کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ برس ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے متفقہ طور پر پاکستان کے دو سول ایٹمی بجلی گھروں کے تحفظ کے معاہدوں کی منظوری دی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان کے سیفٹی اور سیکورٹی معیارات پر اعتماد ہے۔ پاکستان کو توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جوہری ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے اور اس کی نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ایٹمی ذرائع سے توانائی کی پیداوار بڑھانے کیلئے نیوکلیئر پاور پروگرام دو ہزار پچاس کی منظوری دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قومی سطح پر موثر اقدامات کر رکھے ہیں جو کہ نیوکلیئر سیکورٹی کو بڑھانے کیلئے اس کی کوششوں کا سب سے اہم حصہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں بات چیت کے ذریعے سٹریٹجک ضبط و تحمل اور اعتماد سازی پر کاربند ہے اور یہ عمل خطے میں سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جوہری سلامتی کے فروغ کیلئے عالمی سفارتکاری میں انتہائی متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک مضبوط نیوکلیئر ایمرجنسی رسپانس میکنزم قائم کر رکھا ہے اور ہم ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے تعاون سے نیوکلیئر سیکورٹی ایکشن پلان پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوکوشیما حادثے کے بعد پاکستان نے جوہری بجلی گھروں کے جامع تجزیئے کئے۔
خبر کا کوڈ : 148519
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش